پنجاب حکومت نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشن (ڈی جی پی آر) کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی خالی اسامیوں پر بھرتیو ں کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت منگل کو صوبائی کابینہ کا 11 واں اجلاس ہوا جس میں میڈیا ونگ میں بھرتیوں علاوہ دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت اور تعلیم کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر کے درمیان مل کر کام کرنے پر اتفاق
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے صوبے میں پہلی مرتبہ آٹے کے نرخ مقرر کرنے پر صوبائی کابینہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گندم نہ خریدنے کے باوجود آٹے کے نرخ کنٹرول کرنا آسان امر نہیں تھا۔
تاہم انہوں نے آٹا سستا رکھنے کے لیے مسلسل مانیٹرنگ اور اس پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
’45 لاکھ افراد کے لیے سولر سسٹم لا رہے ہیں‘
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں 500 یونٹ تک خرچ کرنے والے 45 لاکھ صارفین کے لیے سولر سسٹم لا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو بجلی کے نرخ بڑھنے کی وجہ سے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا احساس ہے اس لیے اپنی ٹیم سے مل کر اس کاحل تلاش کیا۔
اشیا خورونوش کے نرخ کی نگرانی
مریم نواز نے کہا کہ فوڈ منسٹر کی ذمے داری انتہائی اہم ہے لہٰذا وہ 16 گھنٹے بنیادی اشیا خورونوش کے نرخ کنٹرول کرنے پر صرف کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل جل کر محنت کرکے آگے بڑھنا ہے۔
مزید پڑھیے: پنجاب حکومت کا ہتک عزت قانون، صحافتی تنظیمیں آج سے احتجاج کریں گی
ان کا کہنا تھا کہ اپنے ابتدائی 4 ماہ میں پنجاب کی جواں سال کابینہ نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں غریب عوام رہتے ہیں ان کے مفادات کا تحفظ بہت ضروری ہے یہ نہیں ہونا چاہیے کہ سرمایہ کار امیر ہوجائیں اور غریب اپنی چھت بنانے سے بھی محروم رہ رہے۔
کابینہ نے عالمی ادارہ برائے خوراک اور زراعت کے تعاون سے زمین کے کٹاؤ اور لائیواسٹاک مینجمنٹ کے منصوبے کی منظوری دی تاکہ دیہی سطح پر روزگا ر میں اضافہ ہو۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ
کابینہ نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کی سطح تک بڑھانے کی بھی منظوری دی۔
صدر پنجاب پروونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے استعفے کی منظوری
اجلاس میں پنجاب پروونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے صدر کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا اور ادارے کے عبوری اور مستقل صدر کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب حکومت نے لاہور میں ٹریفک رسپانس یونٹ بائیک لانچ کر دیا
کابینہ نے پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی آرڈیننس 1965 میں مجوزہ ترمیم، پیسی کو میڈیکل کالج کے قیام کی مشروط اجازت اور جرمنی سے گرین انرجی پروجیکٹ کے لیے15 ملین یورو گرانٹ کے حصول کی بھی منظوری دی۔
قران مجید کے معیاری نسخوں کے لیے نوٹیفیکیشن
کابینہ نے قرآن مجید کے معیاری نسخے کے بارے میں نوٹیفکیشن کے اجرا کی منظوری دی۔
اسکولوں،اسپتالوں کی سولرائزیشن
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے اسکولوں اور اسپتالوں کی سولرائزیشن کی جائے گی۔ کابینہ نے پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی کے قیام کے لیے قانون سازی کی منظوری بھی دی۔
دیگر اہم امور کی منظوری
علاوہ ازیں کابینہ نے مختلف اہم امور کی منظوری دی جن میں ایم ڈی کیٹ 2024 کے انعقاد کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی خدمات کے حصول، سرکاری کالجوں میں ڈویژنل ڈائریکٹرز آف ایجوکیشن (کالجز) اور پرنسپلز کی تقرری اورپوسٹنگ کے نئے طریقہ کا ر، فارمیسی ایکٹ 1967 کے تحت 2 سالہ فارمیسی اسسٹنٹ کورس (فارمیسی اپرنٹس کی رجسٹریشن) کو ختم کرنے، ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لی بوائلرز اور پریشر ویسلز آرڈیننس 2002 میں ترمیم، پنجاب مائننگ کنسیشن رولز 2002 میں ترامیم، قانون و پارلیمانی امور کے محکمے میں مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ کے قیام، پنجاب پولیس ڈپٹی سپرنٹینڈینٹس اور سپرنٹینڈینٹس سروس رولز 2020 میں ترامیم، سب انسپکٹرز اور انسپکٹرز رولز 2013 میں ترامیم شامل ہیں۔