ریجنٹ پلازہ ہوٹل اسپتال میں تبدیل، اندر کیا کچھ ہے؟

بدھ 10 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ریجنٹ پلازہ ہوٹل اب ایس آئی یو ٹی کہلائے گا اور یہاں رہائش بھی ہوگی، کھانا پینا بھی ہوگا اور دیگر بہت سی سہولیات بھی، سب سے بڑھ کر یہ کہ عام شہری کو یہ سب سہولیات مفت میں فراہم کی جائیں گی۔اب رہا یہ سوال کے اتنی عظیم الشان عمارت کو اسپتال میں تبدیل کرنے کا کیا مقصد ہے اور یہاں کب تک علاج کی سہولت میسر آئے گی؟

ریجنٹ پلازہ ہوٹل 20 جولائی کو بند ہو جائے گا

ایڈمنسٹریٹر ایس آئی یو ٹی عامر رحمان نے وی نیوز کو بتایا کہ کراچی کا مشہور ریجنٹ پلازہ  ہوٹل 20 جولائی کو بند ہو جائے گا اور  ہوٹل کی عمارت ایس آئی یو ٹی (سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن) کے سپرد کر دی جائے گی، اس وقت کچھ مہمان ہیں جن کی پہلے سے بکنگ تھی 20 جولائی تک ان کے جانے کا انتظار ہے۔

ملازمین میں بے چینی

کراچی کی تاریخی شارع فیصل پر واقع ریجنٹ پلازہ کی عمارت پرSIUTنے اپنا نام لگا دیا ہے جبکہ سیکیوریٹی انتظامات بھی ایس آئی یو ٹی کے سپرد کردیے گئے ہیں۔

 ریجنٹ پلازہ ملازمین اس وقت بے چینی کا شکار نظر آتے ہیں ریجنٹ پلازہ کی اس عمارت میں ایک دنیا آباد ہے جس کے ملازمین کی تعداد سینکڑوں میں بتائی جاتی ہے اور وہ اس وقت اس اعلان کے منتظر ہیں کہ ان کو نکالا نہیں جائے گا۔

اس 4 ستارہ عمارت میں کبھی کسی عام شہری نے جانے کا سوچا بھی نہیں ہوگا

ایس آئی یو ٹی کے سیکیوریٹی اہلکار نے وی نیوز کو بتایا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ ہم اس عمارت کے اندر آسکیں گے، لیکن یہاں آکر کر حیرانگی ہوئی کہ یہ عمارتیں اندر سے کتنی دلکش ہوتی ہیں، وہاں سوئمنگ پول، بال روم، شاہانہ کمرے اور جم وغیرہ اب مریضوں کے استعمال میں آئیں گے۔

بیرون ملک سے ٹیم آئے گی

ایڈمنسٹر ایس آئی یو ٹی کے مطابق ہوٹل کو باقاعدہ ہسپتال میں تبدیل کرنے کے لیے بیرون ملک سے ٹیم آئے گی جو عمارت میں کو اسپتال کا روپ دے گی اور اس پر ظاہر ہے مزید اخراجات بھی آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  عمارت میں تبدیلی کے لیے زیادہ کام نہیں کرنا پڑے گا، کوشش ہے کہ 6 ماہ میں یہاں اسپتال آپریٹ کرنا شروع کردے۔

ایڈمنسٹر کے مطابق اس مقام کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ یہاں دیگر اسپتال موجود ہیں اور کسی مریض کے مرض کی تشخیص کے بعد اسے باآسانی دوسرے اسپتال منتقل کیا جا سکے گا۔

بینکوں سے قرض

ایڈمنسٹر ایس آئی یو ٹی کا کہنا ہے کہ اسپتال کو خریدنے کے لیے رقم بنکوں سے قرض کی صورت لی گئی جبکہ کچھ کاروباری شخصیات کا تعاون بھی حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم پرامید ہیں کہ اس اسپتال کو جلد سے جلد آپریٹ کریں تاکہ مفت اور بہتر علاج کی سہولت بڑے پیمانے پر فراہم کی جا سکے۔

ریجنٹ پلازہ ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر شاہراہ فیصل پر واقع ہے جسے گزشتہ سال ایس آئی یو ٹی کے ٹرسٹی شبرزیدی کی طرف سے 14 ارب 50 کروڑ روپے میں جیسا ہے، جہاں ہے، جتنا ہے کی بنیاد پر خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی تھی۔ اسی وجہ سے اب ریجنٹ پلازہ عمارت سمیت تمام سامان SIUT کی ملکیت ہے۔

ایس آئی یو ٹی

ایس آئی یو ٹی پاکستان میں  گردے کے امراض اور ٹرانسپلانٹ سرجری سمیت متعدد صحت کی خدمات فراہم کرتا ہے۔ ایس آئی یو ٹی کی بنیاد ڈاکٹر سید ادیب الحسن رضوی نے کراچی سول ہسپتال کے برن یونٹ میں 6 بستروں پر مشتمل وارڈ کے طور پر رکھی تھی اور اب یہ ادارہ ایک رفاہی ٹرسٹ کے طور پر کام کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp