آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں دیولیاں کے مقام پر شاہراہ نیلم لیسوا بائی پاس روڈ پرمسافرجیپ دریائے نیلم میں گرنے کے باعث 13 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ بارش کے دوران پھسلن کے باعث مظفرآباد کے قریب پیش آیا، جہاں ریسکیو کا عمل جاری ہے اور بیشتر مسافروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، خدشہ ہے کہ جیپ میں زیادہ افراد سوار تھے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے جبکہ 4 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: مسافر کوسٹر کو حادثہ، 9 افراد جاں بحق، 18 زخمی
بارش کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو نکال رہے ہیں۔اس حوالے سے انچارج ایس ڈی ایم اے نیلم محمد اختر ایوب کا کہنا ہے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں تاہم امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دریا کے کنارے گھاس کاٹتے ہوئےمقامی خاتون بھی گرتی ہوئی جیپ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوئی ہیں، لاشیں نکالنے اور زخمیوں کو ریسکیو کرنے کاکا م جاری ہے، جہاں مقامی افراد اور رضا کار ریسکیو ٹیموں کی مدد کو پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: مسافر گاڑی دریائے نیلم میں جاگری، 6 لاشیں برآمد، 5 افراد لاپتا
صدر آصف زرداری نے مظفر آباد کے قریب وادی نیلم میں جیپ دریا میں گرنے سے ہلاکتوں پر دکھ اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا دی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر جیپ پر کم از کم 22 افراد سوار تھے۔