’کِیا‘ اسپورٹیج اب قسطوں پر دستیاب، کتنے پیسے دے کر گاڑی حاصل کی جاسکتی ہے؟

بدھ 10 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں حالیہ بجٹ میں حکومت کی جانب سے ہائبرڈ اور لگژری گاڑیوں پر ٹیکسز کی بھرمار نے عام آدمی سمیت متوسط اور امیر طبقے کے لیے بھی گاڑی خریدنا انتہائی مشکل بنا دیا، ایسے میں ’کِیا ‘ نے قسطوں پر گاڑیوں کی فروخت کا اعلان کر کے صارفین کے لیے بڑی آسانی پیدا کر دی ہے۔

حکومت نے بجٹ 2024-25 میں ہائبرڈ اور لگژری الیکٹرک گاڑیوں کی درآمدی ڈیوٹی پر خصوصی رعایت ختم کرتے ہوئے نئی گاڑیوں کی خریداری پر انجن کیپیسٹی کے بجائے گاڑی کی قیمت کے تناسب سے ایڈوانس ٹیکس وصول کرنے کی تجویز پیش کی۔ جس کے بعد عام آدمی کے لیے گاڑی خریدنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں عائد ٹیکسز کے بعد گاڑیوں کی فروخت پر کیا اثر پڑا؟

حکومت کی جانب سے ایڈوانس ٹیکسز لگائے جانے کے بعد خوشخبری یہ ہے کہ ’کِیا‘ اسپورٹیج خریدنے کے خواہشمند افراد اب یہ گاڑی آسان قسطوں پر بھی خرید سکیں گے۔

’کِیا‘اسپورٹیج کی ماہانہ اقساط کیا ہوں گی، ڈاون پیمنٹ کیا ہوگی، اس حوالے سے وی نیوز نے ’کِیا‘ اسپورٹیج کے ایک شو روم سے تفصیلات جاننے کی کوشش کی ہے۔

’کِیا‘ اسپورٹیج شو روم کی سیلز مینیجر سارہ طارق نے بتایا کہ ’کِیا‘کی جانب سے قسطوں پر گاڑی فراہم کرنے کی یہ پیشکش فی الحال اگلے چند ہفتوں تک جاری رہے گی کیونکہ ابھی تک اس پیشکش کی حتمی تاریخ کے حوالے سے نہیں بتایا گیا ، اس لیے یہ پیش کش کسی بھی ختم ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں کتنی کمی آئی اور کیوں؟

انہوں نے بتایا کہ اس وقت 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کے ساتھ یہ پیشکش کی جا رہی ہے جبکہ باقی رہ جانے والی قیمت کی ادائیگی 18 مہینوں کی قسطوں پر مشتمل ہے۔

سارہ طارق نے مزید بتایا کہ اگر کوئی شخص ’کِیا‘ اسپورٹیج ایلفا ویریئنٹ لینا چاہتا ہے تو اس کی ٹوٹل قیمت 75 لاکھ 50 ہزار روپے ہے جبکہ قسطوں پر اسے 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ یعنی 37 لاکھ 75 ہزار روپے ایڈوانس دینا ہوں گے جب کہ باقی ماندہ قیمت 18 مہینوں میں ادا کرنا ہو گی، جو کہ 2 لاکھ 9 ہزار 7 سو 23 روپے ماہانہ قسط بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت نصف ہوگئی، اصل معاملہ کیا ہے؟

انہوں نے بتایا کہ اسی طرح اگر کوئی شخص ’کِیا‘ اسپورٹیج ’ایف ڈبلیو ڈی‘ ویریئنٹ لیتا ہے تو اس کی ٹوٹل قیمت 79 لاکھ 90 ہزار روپے ہے جبکہ قسطوں پر لینے کی صورت میں 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کے طور پر 39 لاکھ 95 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے جب کہ باقی ماندہ رقم 18 مہینوں میں ادا کرنا ہوگی، اس طرح ہر ماہ 2 لاکھ 21 ہزار 9 سو 45 روپے قسط ادا کرنا ہو گی۔

اسی طرح ’کِیا‘اسپورٹیج کے ’اے ڈبلیو ڈی‘ ویریئنٹ کی ٹوٹل قیمت 87 لاکھ 20 ہزار روپے ہے، جس کی 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ 43 لاکھ 60 ہزار روپے بنتی ہےجب کہ 18 مہینوں میں ہر ماہ 2 لاکھ 42 ہزار 2 سو 23 روپے کی قسط ادا کرنا ہو گی۔

’کِیا‘اسپورٹیج کے ’پی کیو ایف‘ ویریئنٹ کی ٹوٹل قیمت 92 لاکھ 50 ہزار روپے ہےجب کہ اس ویریئنٹ کی 50 فیصد کے حساب سے ڈاؤن پیمنٹ 46 لاکھ 25 ہزار روپے بنتی ہے۔ اس کی 18 ماہ تک ماہانہ قسط 2 لاکھ 56 ہزار 9 سو 45 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں 50 فیصد کمی ہوگئی؟

واضح رہے کہ یہ تمام ’کِیا‘اسپورٹیج کے اپڈیٹیڈ ماڈلز ہیں۔ جن کی قیمتیں ان کے منفرد فنکشنز کے حساب سے ہیں۔ یہ تمام ویریئنٹس قسطوں پر دستیاب ہیں، ان تمام ماڈلز کی قسطوں پر ڈاؤن پیمنٹ 50 فیصد ایڈوانس اور باقی رقم 18 مہینوں کی اقساط پر ادا کرنا ہوں گی۔

ایک سوال کے جواب میں سیلز مینیجر سارہ طارق کا کہنا تھا کہ فی الحال ’کِیا‘ اسپورٹیج گاڑیاں ہی قسطوں پر دستیاب ہیں، باقی گاڑیاں کی خریداری کے لیے یہ پیشکش موجود نہیں ہے اور نہ ہی ابھی تک اس کے کوئی امکانات ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp