انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 کرکٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی، پاکستانی بلے باز بابر اعظم کی ایک درجہ جبکہ محمد رضوان کی 2 درجہ تنزلی ہوئی ہے۔ ورلڈ کپ 2024 میں خراب کارکردگی کے بعد دونوں کھلاڑی رینکنگ میں مسلسل تنزلی کا شکار ہیں۔
آئی سی سی کی جاری کردہ ٹی20 کے بہترین کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ 844 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بھارتی بلے باز سوریا کمار یادیو 821 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: بابر اعظم کی ون ڈے میں بادشاہت برقرار، ٹی ٹوئنٹی میں تنزلی
نئی رینکنگ کے مطابق محمد رضوان کی جگہ انگلینڈ کے فل سالٹ نے تیسری پوزیشن سنبھال لی، فل سالٹ نے ورلڈ کپ 2024 کے دوران اچھی کارکردگی دکھائی اور 797 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم درجہ بندی میں مسلسل تنزلی کا شکار ہیں اور اس وقت 755پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، اسی طرح وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی درجہ بندی میں تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔