کمرشل، زرعی اور بڑے صارفین کے لیے بجلی مہنگی، صنعتی صارفین کا بنیادی ٹیرف برقرار

جمعرات 11 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی کابینہ نے تجارتی، زرعی اور بڑے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس پر عملدرآمد سے کمرشل صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت 77 روپے 15 پیسے تک پہنچ جائے گی۔

دوسری جانب حکومت نے صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف برقرار رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے اس ضمن میں وفاقی کابینہ کے فیصلے سے پاور ڈویژن نے نیپرا کو آگاہ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5.72 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی

میڈیا رپورٹس کے مطابق تجارتی یعنی کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی بنیادی قیمت میں 8 روپے 4 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی ہے، جس پر عملدرآمد کے بعد جولائی سے کمرشل صارفین کے فی یونٹ کی قیمت 77 روپے 15 پیسے ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے زرعی صارفین کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 6 روپے 62 پیسے اضافہ منظور کیا گیا ہے، جس کے بعد جولائی سے زرعی صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف 46 روپے 83 پیسے  تک پہنچ جائے گا۔

مزید پڑھیں: میرے لیے بھی بجلی کا بل ادا کرنا مشکل ہوگیا ہے، ن لیگی رہنما عرفان صدیقی

حکومت نے جنرل سروسز کے لیے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف 6 روپے 98 پیسے بڑھانے کی منظوری دیدی ہے، جس کے بعد جولائی سے جنرل سروسز کے  لیے فی یونٹ بجلی کا ٹیرف61 روپے 3 پیسے ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بڑے صارفین کے لیے بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں 5 روپے 51 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی جس کے بعد جولائی سے بڑے صارفین کا فی یونٹ ٹیرف 59 روپے 96 پیسے تک پہنچ جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp