منشیات فروشوں کے خلاف پولیس آپریشن میں کتا کیوں مارا گیا؟

جمعہ 12 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آبادی کے اعتبار سے کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور اسی تناسب سے یہاں جرائم بھی بڑی تعداد میں ہوتے ہیں، جنہیں قابو میں لانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی سرگرم رہتے ہیں، کہیں خفیہ اطلاع پر چھاپے مارے جاتے ہیں تو کہیں چھاپوں کے رد عمل میں پولیس مقابلے ہوتے ہیں اور دونوں اطراف سے مرنے یا زخمی ہونے کی خبریں سامنے آتی ہیں۔

کراچی کے علاقے پٹھان کالونی میں گزشتہ روز پولیس نے ‘پی کے’ نامی منشیات فروش کے ٹھکانے پر چھاپا مارا، ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کے مطابق منشیات فروش کی والدہ نے بیٹے کو بچانے کے لیے اپنا پالتوکتا پولیس اہلکاروں پر چھوڑدیا، جس نے 2 پولیس اہلکاروں کو زخمی کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کا کراچی میں چھاپا، ہوم میڈ منشیات کی فیکٹری برآمد

ضلع کیماڑی تھانہ سائیٹ اے پولیس کو مطلوب منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تھا پولیس کے مطابق دوران کاروائی ملزمان کے پالتو کتے کے کاٹنے سے 2 کانسٹیبل معمولی زخمی ہوئے، گرفتار اور فرار ہونیوالے ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں جوکہ اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے فرار ملزم کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، جبکہ پولیس اہلکاروں پر حملہ آور کتا گولیوں کی زد میں آکر مارا گیا۔

مزید پڑھیں: ملک کا وہ علاقہ جہاں منشیات راشن کی طرح کھلے عام فروخت ہوتی ہیں

پولیس کے مطابق فرمان عرف کوٹے نامی منشیات فروش کو گرفتار جبکہ سلمان عرف ’پی کے‘  نامی ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے، ملزمان کے قبضے سے 1740 گرام چرس برآمد کر لی گئی ہے، گرفتار ملزم سے مزید معلومات کے حصول کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متعلقہ مجسٹریٹ سے جسمانی ریمانڈ پولیس کو دینے کی استدعا کی جائے گی تاکہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں اور منشیات کے دیگر اڈوں کا بھی سراغ لگانا ممکن بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp