پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے نوید سنائی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی جلد باپ بننے والے ہیں، ان کے ہاں چند ہفتے بعد بچے کی ولادت متوقع ہے، اس لیے اگر وہ بچے کی پیدائش تک اپنی بیگم کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں آرام دے سکتے ہیں۔
جیسن گلیسپی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مزید بتایا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی شان مسعود ہی کریں گے۔ تاہم ان کی لاہور میں کپتان بابر اعظم سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:’آیا تھا گھر میں نور ابھی کل کی بات ہے‘: بیٹی کی شادی پر شاہد آفریدی کے دلی جذبات کیا تھے؟
شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی کا نکاح فروری 2023 میں کراچی کی زکریا مسجد میں ہوا تھا۔ شادی کی تقریب 19 ستمبر کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہوئی تھی۔
شادی میں بابراعظم سمیت موجودہ اور سابق کرکٹرز کے علاوہ مصباح الحق، سعید انور، سہیل خان اور تنویر احمد سمیت دیگر نے شرکت کی تھی۔ شاہین شاہ آفریدی کا ولیمہ 21 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوا تھا۔
مزید پڑھیں:شاہد آفریدی کا بیٹی کی رخصتی پر جذباتی پیغام، تصاویر بھی جاری
واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم 2 ٹیسٹ میچز کے لیے اگست کے تیسرے ہفتے میں پاکستان آئے گی۔ ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ پہلا ٹیسٹ 21 تا 25 اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست تا 3 ستمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔