’سستی ترین ایئر لائنز بھی اپنے عملے کے ساتھ اتنا برا سلوک نہیں کرتیں جتنا ایئر انڈیا نے کیا‘

ہفتہ 13 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں حیرت انگیز اور دلچسپ واقعات تو بہت ہوتے ہیں تاہم  کچھ واقعات سب کی توجہ خوب سمیٹ لیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی ایئر لائن کے کیبن کریو کے ساتھ پیش آیا جس نے عالمی میڈیا کو بھی متوجہ کرلیا۔

ایئر لائنز اپنے کیبن کریو کے لیے طویل پروازوں کے بعد ہوٹل بک کرواتی ہیں تاکہ ان کے آرام کا خیال رکھا جا سکے لیکن حال ہی میں ایئر انڈیا کو اپنے عملے کے ارکان کے لیے مناسب رہائش فراہم نہ کرنے پر تنقید کا سامناہے۔

سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر ایک صارف نے ہوٹل کی تصاویر شیئر کیں جس میں ایک کمرہ دکھایا گیا ہے۔ کمرے میں ایک سنگل بیڈ پڑا ہوا ہے جو بیڈ شیٹ کے بغیر ہے اور دوسری تصویر میں کمرے کے اندر سامان بے ترتیبی سے پڑا ہے۔

یہ تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے صارف نے ایئر انڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر آپ ایئر انڈیا کو عالمی معیار کی ایئر لائن بنانا چاہتے ہیں تو ایک لمبی فلائٹ سے واپس آنے والے ائیر لائن کے عملے کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرناچاہیے۔

صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 4 گھنٹے تک عملہ ہوٹل تلاش کرتا رہا اور آخر کار آپ نے ان کو ایسا کمرہ دیا جس میں نہ کوئی بیڈ شیٹ ہے نہ تولیے اوت سہولیات کا فقدان ہے اور یہ ناقابل قبول ہے۔

 انہوں نے کہا کہ نیند سے محروم جہاز کا عملہ آپ کے اس توہین آمیز سلوک کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ صارفین کی جانب سے اس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، ان کا کہنا ہے کہ یقین نہیں آتا کہ ائیر لائن کے عملے کو دی جانے والی سہولیات اتنی بری ہو سکتی ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ سستی ترین ایئر لائنز بھی اپنے عملے کے ساتھ اتنا برا سلوک نہیں کرتیں جتنا ایئر انڈیا نے اپنے عملے کے ساتھ کیا۔

سنجے نامی صارف نے لکھا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا کہ ایئر انڈیا نے اپنا معیار اتنا گرا لیا ہے۔

جہاں کئی صارفین اس پر تنقید کرتے نظر آئے وہیں ایک صارف نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی پریکٹس ہے کہ کیبن کریو کو آرام کرنے کے لیے فائیو اسٹار ہوٹل نہیں دیے جاتے بلکہ رہائش کے لیے الاؤنس دیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp