ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز‘ پاک بھارت فائنل ٹاکرا آج ہوگا

ہفتہ 13 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انڈین چیمپئنز نے آسٹریلیا چیمپئنز کو 86 رنز شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ آج رات ساڑھے 9 بجے برمنگھم میں پاکستان چیمپئنز اور بھارت چیمپئنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

نارتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 198 رنز اسکور کیے۔ کپتان یونس خان 65 اور کامران اکمل 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عامر یامین کے 40 اور سہیل تنویر کے 33 رنز نے بھی ٹیم کے بڑے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں:بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

ویسٹ انڈیز کے فیڈرل ایڈورڈز نے 3، سلیمان بین نے 2 جبکہ جیروم ٹیلر اور ڈیوائن اسمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم 178 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے ایشلے نرس تھے جنہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ رایاد ایمرت 29 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل خان نے 4، وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کو جیت دلوائی۔

پاکستان چیمپیئنز کی کپتانی یونس خان کر رہے ہیں، جبکہ کامران اکمل، شرجیل خان، صہیب مقصود، شعیب ملک، شاہد آفریدی، عامر یامین، وہاب ریاض، سہیل تنویر، مصباح الحق، سہیل خان، محمد حفیظ، عبدالرزاق، اور سعید اجمل بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں:انڈین کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئے گی، سلطان آف سوئنگ پُر امید کیوں؟

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے سیمی فائنل میں انڈین چیمپئنز نے آسٹریلیا چیمپئنز کو 86 رنز شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ نارتھیمپٹن میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں انڈیا چیمپئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 254 رنز بنائے۔

روبن اُتھپپا، یوراج سنگھ، عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان نے نصف سنچریاں بنائیں۔ آسٹریلیا چیمپئنز کی جانب سے پیٹر سڈل نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 255 رنز کے ہدف کے جواب میں آسٹریلیا چیمپئنز کی پاور پلے میں ہی 3 وکٹیں گر گئیں جس کے بعد ٹیم سنبھل نہ سکی۔ آسٹریلیا چیمپئنز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 168 رنز بناسکی۔

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں 6 ٹیموں نے حصہ لیا

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی تھیں جن میں پاکستان چیمپیئنز، انگلینڈ چیمپیئنز، انڈیا چیمپیئنز، جنوبہ افریقہ چیمپیئنز، ویسٹ انڈیز چیمپیئنز اور آسٹریلیا چیمپیئنز شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ ان تمام ٹیموں میں بیک وقت ایسے متعدد کھلاڑی کھیل رہے ہیں جو ماضی میں کرکٹ کے میگا اسٹار کہلاتے تھے۔

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے میچز کون سے بڑے براڈ کاسٹرز نشر کر رہے ہیں؟

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز پہلا کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں جس میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ایک ایسا ہی ٹورنامنٹ ’لیجنڈز لیگ کرکٹ‘ عمان، قطر اور انڈیا میں بھی کھیلا جا چکا ہے۔ تاہم ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز اس لیے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس طرح کے دیگر ٹورنامنٹ کبھی اتنی پذیرائی حاصل نہیں کر سکے۔

مزید پڑھیں:قومی کرکٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی میں کون کون شامل ہوگا؟

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے میچز کو دنیا بھر میں بڑے براڈ کاسٹرز نشر کر رہے ہیں جس میں اسٹار اسپورٹس، ٹی این ٹی اسپورٹس، سُپر اسپورٹس، وِلو ٹی وی اور فوکس اسپورٹس شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس ٹورنامنٹ کو انڈیا اور پاکستان میں بھی دکھایا جا رہا ہے اور متعدد بڑے اسپورٹس چینلز ٹورنامنٹ کے براڈکاسٹنگ رائٹس خرید چکے ہیں۔

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کس کا آئیڈیا تھا؟

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کا انعقاد انڈیا اور دبئی میں واقع زاباوا انٹرٹینمنٹ نامی کمپنی نے کروایا ہے جو بالی وڈ کی فلمیں اور میوزک بناتی ہے۔ ٹورنامنٹ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی حمایت حاصل ہے۔ اس لیگ کا انعقاد زاباوا انٹرٹینمنٹ کے ڈائریکٹر ہرشت تومار کا آئیڈیا تھا۔

زاباوا انٹرٹینمنٹ کی ویب سائیٹ کے مطابق زاباوا انٹرٹینمنٹ کمپنی انڈیا میں رجسٹرڈ ہے اور ایک اُبھرتا ہوا فلم پروڈکشن ہاؤس ہے۔ ہرشت تومار خود بھی بطور گلوکار میوزک انڈسٹری کا حصہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں بالی وڈ اداکار بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:سابق کرکٹر گوتم گمبھیر بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

پاکستان چیمپیئنز فرینچائر کا مالک کون؟

ٹورنامنٹ میں شامل فرنچائز پاکستان چیمپیئنز کے مالک آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت کامل خان ہیں۔ وہ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں، ایک پیشہ ور ایونٹ آرگنائزر ہیں اور کرکٹ میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کی ویب سائیٹ کے مطابق کامل خان کہتے ہیں کہ پاکستان چیمپیئنز کی ٹیم کا میری ملکیت میں ہونا ایسا ہے جیسے کوئی خواب سچ ہوگیا ہو۔

سابق پاکستانی کرکٹرز شاہد آفریدی اور یونس خان پاکستان چیمپیئنز کے مالک کامل خان کے ساتھ

دیگر ٹیموں میں کون کون سے کھلاڑی کھیل رہے ہیں؟

انگلینڈ چیمپیئنز:

عثمان افضل، کرس شوفیلڈ، فلپ مسٹرڈ، اویس شاہ، روی بوپارا، سمت پٹیل، کیون او برائن، سٹیورٹ میکر، رائن سائیڈ باٹم، اجمل شہزاد اور ساجد محمود۔ انگلینڈ چیمپیئنز ٹیم کے مالک پراوین کمار اور بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈس ہیں۔

انڈیا چیمپیئنز:

سریش رائنا، امبتی رائدو، یوسف پٹھان، روبن اُتھاپا، گرکریت مان، یوراج سنگھ، عرفان پٹھان، آر پی سنگھ، ہربھجن سنگھ، ونے کمار اور راہُل شکلا۔

مزید پڑھیں:محسن نقوی کی کرکٹرز سے ملاقات، بابر اعظم کپتان رہیں گے یا نہیں؟

آسٹریلیا چیمپیئنز:

بین ڈنک، ٹم پین، شان مارش، ایرون فنچ، ڈینئیل کرسٹن، جان ہیسٹگز، زیویر ڈوہرٹی، پیٹر سڈل، ناتھن کولٹرنائل، بریٹ لی اور ڈرک نینس۔

ساؤتھ افریقہ چیمپیئنز:

گریم سمتھ، ہرشل گبز، فاف ڈو پلیسی، جے پی ڈومنی، جیک کیلس، رائن میک لیرن، مکھایا نتینی، ڈیل سٹین، روری کلینویلٹ اور ویرون فیلنڈر۔

ویسٹ انڈیز چیمپیئنز: کرس گیل، سیموئل بدری، روی رامپال، ڈیرن سیمی، ایشلے نرس، جوناتھن کارٹر، ڈیون سمتھ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp