پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ عدالتیں عمران خان کے کہنے پر از خود نوٹس پر کارروائیاں کر رہی ہیں چیف جسٹس عمرعطا بندیال کو مشورہ دیا کہ وہ عمران خان کے پیچھے نہ لگیں کیوں کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پہلے سہولت کاروں کو استعمال کرتے ہیں اور پھر ان کی مٹی پلید کردیتے ہیں۔
قصور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ ججز عمران خان کی سہولت کاری کر رہے ہیں اور فیصلے آئین کو نہیں بلکہ ٹرک کو دیکھ کر کرتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج قصور نے مینار پاکستان پرجلسہ کرنے والے کو بہت پیچھے چھوڑدیا اور نواز شریف سے قصور اور کھڈیاں والوں کی محبت کو سلام پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے اس فتنے کو جس نے پہچانا وہ قصورجس نے سنہ 2018 میں بھی عمران خان کو جیتنے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ جو مرضی ہو جائے وہ سچ بولنے سے باز نہیں آئیں گی یہاں گیدڑ کو لیڈر کا ماسک پہنانے کی کوشش کی گئی تھی مگر جب سہولت کار چلے گئے تو اس کا اصل روپ گھڑی اور توشہ خانہ چور کا نکلا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جس طرح اس فتنے کی درگت بنی سہولت کاروں نے بھی کانوں کو ہاتھ لگا لیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے مگر وہ خود آج قانون کے سب سے بڑے مفرور ہیں اور جب انہیں عدالتوں نے پیش ہونے کا کہا تو وہ اس دن سے پاؤں پر پلاسٹر چڑھا کر بیٹھ گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالتوں میں پیش نہ ہونے کے بہانے بنا رہے ہیں اور جب ان کی گرفتاری کے لیے پولیس زمان پارک گئی تو اس پر اندر سے پیٹرول بم پھینکے گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے زمان پارک میں دہشت گرد چھپائے ہوئے ہیں اس نے گلگلت سے پولیس بلوا کر پنجاب پولیس پر حلمہ کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے آج تک اس سے بزدل آدمی نہیں دیکھا اسے شرم نہیں آتی کہ جب عدالتوں میں پیش ہوتا ہے تو جنگلا نما گاڑی سے نیچے نہیں اترتا اور اگر اترتا بھی ہے تو کالا گھونگھٹ نکال کر دلہن بن جاتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ عمران خآن نے مینار پاکستان جلسے کے اسٹیج کو ایک بنکر میں تبدیل کیا اور خود بلٹ پروف شیشے سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے کہتے رہے کہ خوف کے بت توڑ دو۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر عمران خان کی جان اتنی زیادہ قیمتی ہے تو وہ جلسے کیوں کرتے ہیں، ان کے اپنے بچے تو لندن میں بیٹھے ہیں اور قوم کے بچوں کو سڑکوں پر مار کھانے کے لیے چھوڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں یاد رکھیں کہ اگر ان پر کوئی تکلیف آئی تو وہ سامنے کھڑی ہوں گی۔ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ یہ قوم انہیں کبھی بھی اقتدار میں نہیں آنے دے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے جو مینار پاکستان میں دس نکات پر مشتمل ایجنڈا پیش کیا جب وہ اقتدار میں تھے تب اس پر عمل کیوں نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان روز اپنے قتل کی کہانیاں گھڑتے ہیں اب ایسے شخص کو تو چڑیا گھر میں رکھنا چاہیے اور ٹکٹ بھی لگا دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں، الیکشن ہوں گے لیکن اس سے پہلے سلیکشن کا فیصلہ ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ کی حکومت لانے کے لیے 25 ایم پی ایز کوعمران خان کی جھولی میں ڈالا گیا تب آئین کہاں گیا تھا اور جب منتخب وزیراعظم کو نکالا گیا اس وقت تو آئین کی بات نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ترازو کے پلڑے برابر کرو پھر الیکشن کرا دو کیوں کہ سنہ 2018 میں نواز شریف سے سازش کے ذریعے لیول پلیئنگ فیلڈ چھین لی گئی تھی لیکن اب سہولت کار جائیں گے اور نواز شریف واپس آئیں گے۔