مظفرآباد سے کوئی 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پنجگراں ان دنوں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کی وجہ وہاں کی آبشار ہے، بڑی تعداد میں مقامی اور غیر مقامی سیاح اس آبشار کا رخ کررہے ہیں اور کچھ وقت وہاں گزارنے کے بعد واپس مظفرآباد چلے جاتے ہیں یا پھر وادی نیلم کا رخ کرتے ہیں۔
گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاح فائزہ عادل کا کہنا ہے کہ انُ کی اصل منزل وادی نیلم ہے لیکن اس آبشار کو دیکھ کر کچھ وقت کے لیے رک گئی ہیں، وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ کشمیر کی سیر کرنے آئی ہیں۔
فائزہ عادل نے کہا ’یہ بہت خوبصورت آبشار ہے، اس کو دیکھ کر آنکھوں کو ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے، آبشار میں اللہ کی کاریگری نظر آتی ہے، اللہ نے ہمارے لیے آسمان بنایا، زمین بنائی ، خوبصورت پہاڑ بنائے اور جہاں دیکھو ہر طرف خوبصورتی ہی خوبصورتی نظر آتی ہے۔‘
گجرانوالہ سے ہی تعلق رکھنے والی خدیجہ اسکول ٹیچر ہیں۔ وہ چھٹیاں گزارنے کشمیر آئی ہیں، وہ بھی اس آبشار پر موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پنچاب میں بہت گرمی ہے جس کی وجہ انہوں نے کشمیر کا رخ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آبشار پر آکر وہ بہت لطف اندوز ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا ’جو لوگ یہاں نہیں آئے ہیں، وہ یہاں ضرور آیئں اور اس خوبصورتی کو دیکھیں، ان کو اندازہ ہوگا پاکستان بہت خوبصورت ہے۔‘
کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک بچے نے کہا کہ یہ جگہ ان کو بہت پسند آئی ہے اور یہاں کا پانی بہت اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہر طرف درخت ہیں ، پہاڑ ہیں اور ہریالی ہے۔ بچے نے کہا ’میں اس آبشار پر نہایا ہوں اور مجھے اب ٹھنڈک محسوس ہورہی ہے۔‘
بچے نے مزید کہا کہ وہ واپس جاکر اپنے دوستوں کو یہاں کی خوبصورتی اور آبشاروں کے بارے میں بتائے گا۔