انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ اکتوبراور نومبر میں ہونے والے ایک روزہ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے تاریخوں اور مقامات کا اعلان ابھی باقی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے ان رپورٹس کی تردید کی ہے کہ پاکستان کے میچز بھارت کی بجائے کسی نیوٹرل مقام پر منعقد ہوں گے۔
آئی سی سی کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاریاں پوری رفتار سے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) اور پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ پر تکرار چل رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کر چکا ہے اور ٹورنامنٹ میں بھارت کے ساتھ کھیلے جانے والے میچز کو کسی نیوٹرل مقام پر منعقد کرنا چاہتا ہے۔
میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر بھارت نے ایشیا کپ میں ایسا کیا تو پاکستان کے لیے بھی بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے یہی ماڈل لاگو ہوگا اور پاکستان اپنے میچز کسی نیوٹرل مقام پر ہی کھیلے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے خود کو تمام تر معاملے پر تبصرے سے دور رکھا ہوا ہے۔
رواں سال ہونے ہولا ورلڈ کپ اسی فارمیٹ کے مطابق کھیلا جائے گا جس طرح سنہ 2019 کے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں ہوا تھا۔ ایونٹ میں حصہ لینے والی تمام 10 ٹیمیں سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ ہونے سے پہلے ایک بار ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی یعنی رواں سال ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کے 9 میچز بھارت میں ہونے کا امکان ہے۔
بی سی سی آئی کا موقف یہ رہا ہے کہ بھارتی ٹیم حکومتی اجازت کے بغیر پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیل سکتی۔ پاکستان بھارتی کرکٹ کے اس موقف کو آئی سی سی کے فورم پر بھی دلیل کے طور پر پیش کرچکا ہے۔