پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام ’میرا پنجاب اسموگ فری‘کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت نوجوان گریجویٹس کو کمیونٹی سروس کے طور پر صوبے کی بہتری اور اسموگ کے خاتمے کے لیے کام کرنے پر وظیفے کے ساتھ اسکالرشپ دی جائے گی۔
پروگرام کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اسموگ کے مستقل خاتمے کے لیے ہمیں مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اسموگ فری پنجاب انیشی ایٹو کے تحت نوجوان گریجویٹس منفرد کمیونٹی سروس پیش کریں گے۔ پچھلے 2 سالوں میں اپنی ڈگری مکمل کرنے والے گریجویٹس اس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ٹی طلبا و طالبات کے لیے بڑی خوشخبری، مفت انٹرن شپ اور ملازمت کیسے ملے گی؟
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت انٹرنیز کو 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا جس سے کمیونٹی سروس اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک پلیٹ فارم میسر آئے گا۔
انٹرن شپ پروگرام کے لیے رجسٹریشن 20 جولائی 2024 تک کی جاسکتی ہے اور 18 سے 25 سال کی عمر کے افراد اس کے اہل ہوں گے۔
شرکا کو انٹرن شپ پروگرام مکمل کرنے پر ’ کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ‘ سے بھی نوازا جائے گا۔
مزید پڑھیں: سی ڈے اے کے انٹرن شپ پروگرام کا حصہ کیسے بن سکتے ہیں؟
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گاڑیوں اور فیکٹریوں سے نکلنے والے دھوئیں کی روک تھام کے لیے درخت لگا کر اسموگ کے سنگین مسئلے کے حل کے لیے حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں۔
انہوں نے روزمرہ زندگی میں پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے اور فصلوں کی پرالی اور باقیات کو جلانے سے گریز کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے فلور ملز کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی حکومت دنیا کا مہنگا ترین انٹرن شپ پروگرام تھا، احسن اقبال
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب میں ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کی مخالفت نہیں کرے گی۔ انہوں نے متفقہ طور پر پنجاب میں ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کرنے پر ایسوسی ایشن کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ فلور ملز مالکان کے جائز تحفظات اور مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کریں گی۔