حکومت پابندی لگانے کی آخری کوشش کرکے بھی دیکھ لے، پاکستان تحریک انصاف

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کی جانب سے پابندی لگائے جانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی آخری کوشش بھی کر کے دیکھ لے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے حکومت کے فیصلے کے بعد ردعمل میں کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے میں اس کا حق دیا جس پر حکومت مایوسی میں ایسے اقدامات پر اتر آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے اور عمران خان پر آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس لانے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ان فارم 47 کے حکمرانوں کا دماغ خراب ہو گیا ہے، پابندی لگانی ہے تو یہ کرپٹ مافیا اپنی پارٹیوں پر لگائے جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔

پابندی لگانے والے اپنی قبر کھودنے جا رہے ہیں، نعیم پنجوتھہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ترجمان نعیم حیدر پنجوتھہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر اپنی پوسٹ میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانی کی باتیں کرنے والے، اپنی قبر گھودنے جارہے ہو، پہلے  ہی تمہارے ظلم کی وجہ سے تمہیں لوگوں نے مسترد کیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’قانونی طور پر بھی آئین پاکستان کے آرٹیکل 17(2) کے تحت صرف سپریم کورٹ حکم جاری کرسکتی ہے اور وہ اس صورت میں کہ جو کوئی جماعت پاکستان کے خلاف ہو، ہماری جماعت چند اشخاص کی پالیسیوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہم ملک کے خلاف نہیں، پاکستان کی خودداری، مضبوطی کے لیے آج عمران خان جیل میں پڑا ہے اور یہ کہنا کہ ہم ملک دشمن ہیں، صرف ان کی اندرونی بے غیرتی، بے شرمی اور ڈھٹائی ہو سکتی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

پابندی کے فیصلے پر ایک سیکنڈ کے لیے بھی عملدرآمد نہیں ہونے دیں گے، علی ظفر

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہم ایک سیکنڈ کے لیے بھی ایسے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہونے دیں گے۔

وفاقی حکومت ’مایوسی کی وجہ سے‘ پارٹی پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے معاملے میں اس کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ ان کی جماعت ایک سیکنڈ کے لیے بھی فیصلے پر عمل درآمد کی اجازت نہیں دے گی کیونکہ یہ ملک کے قانون کے خلاف ہے۔

پابندی ، یہ آخری کوشش بھی کر کے دیکھ لو، شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ بنیادی طور پر انتہائی مذائقہ خیز ہے، یہ ان کا آخری وار ہے اوروہ اس آخری وار کی کوشش بھی کرلیں، یہ نالائق اور نااہل لوگ ہیں۔

اپنے ردعمل میں انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، انہیں پاکستان تحریک انصاف کو روکنے کا اور کوئی طریقہ تو نہیں ملا، تمام حربے استعمال کر کے دیکھ لیے ان میں ناکامی کے بعد اب انہیں بالآخر تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا خیال آیا۔

انہوں نے کہا کہ حکمران یہ کوشش کر کے دیکھ لیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے تھا، پیپلز پارٹی خود کو ملک کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی قرار دیتی ہے لیکن بدقسمتی سے وہ ایسے غیر جمہوری فیصلوں کا ساتھ دیتی ہے۔

پیپلز پارٹی کو اگر جمہوری پارٹی ثابت کرنا ہے تووہ کٹھ پتلی حکومت کے ایسے غیر جمہوری فیصلوں پربھی بات کرے، اس وقت مہنگائی اور حکومت اپنی نا اہلی پر توجہ دے۔ یہ لوگ نا اہل ہیں، ان کو سمجھ ہی نہیں ہے کہ ملک کو اکٹھا کیسے کیا جاتا ہے، عوام کے مسائل کیسے حل کیے جاتے ہیں۔  ملک اس وقت ایسے لوگوں کے ہاتھ میں چلا گیا ہے جنہیں کوئی سمجھ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں میرٹ پر فیصلے کرتی ہیں، ان کے فیصلے کو نہ ماننا ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرےگا۔

باتیں تو آدمیوں جیسی کرتے ہو لیکن بخدا جذبات تمہارے گھوڑے جیسے ہیں، عارف علوی

 پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سابق صدر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں حکومتی فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کبھی کبھی ٹیلیوژن دیکھتے ہوئے، بلخصوص آج کی ایک پریس کانفرنس کے بعد مشتاق احمد یوسفی مرحوم بہت یاد آئے۔

انہوں نے لکھا کہ ’کچھ دوستوں کی وجہ سے ان سے ایک نیازمندی تھی اور کراچی میں ہر چند ماہ بعد کھچڑی کی دعوت پر ضرور ملاقات ہوتی تھی۔

وہ اپنے ایک دوست مرزا سے کہتے تھے کہ ’میاں تم باتیں تو آدمیوں جیسی کرتے ہو لیکن بخدا جذبات تمہارے گھوڑے جیسے ہیں‘ اس میں عقل کا ذکر نہیں ہے ورنہ وہ کسی اور جانور سے بھی تشبیح دے سکتے تھے۔

جو مرضی کر لیں، آپ کا وقت ختم ہو چکا ہے، محمد خالد خورشید

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گلگت بلتستان کے صدر محمد خالد خورشید نے ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر اپنے ردعمل میں لکھاکہ ’کسی کا باپ بھی پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگا سکتا، آپ جو مرضی کوشش کریں آپ کا وقت ختم ہو چکا ہے، نا صرف آپ کا بلکہ آپ کے ساتھ سب کرداروں کا وقت ختم ہوا ہے جنہوں نے ملک کے آئین اور قانون کے خلاف کام کیا۔

دریں اثنا حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) پر پابندی کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں بیرسٹرگوہر، شعیب شاہین، سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا شریک ہیں۔

اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے حکومتی فیصلے سے متعلق قانونی امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے، قانونی اور سیاسی مشاورت کے بعد پی ٹی آئی حکومت کے فیصلے کے خلاف باضابطہ ردعمل جاری کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp