ن لیگ سیکیورٹی تھریٹ، آرٹیکل 6 غیر آئینی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف لگنا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ آئین کے ہوتے ہوئے غیر آئینی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ مسلم لیگ ن اس وقت سیکیورٹی تھریٹ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لیے پی ٹی آئی پر پابندی کی پریس کانفرنس کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ ہماری مخصوص نشستیں روکنے کی کوشش ہورہی ہے، کہا گیا کہ فارن فنڈنگ کی بنیاد پر پی ٹی آئی پر پابندی کا ریفرنس لایا جائے گا تو ان کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ اس وقت الیکشن کمیشن میں صرف مسلم لیگ ن کا فارن فنڈنگ کیس زیر التوا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی سے انتخابی نشان چھیننے میں شریک تھی، ہم حکومت کے آج کے اعلان کو ن لیگ کے ترجمان کا اعلان سمجھتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ حکومتی بیان توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومت اگر مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنا چاہتی ہے تو یہ ان کا حق ہے۔

پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتیں پوزیشن واضح کریں، عمر ایوب

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ نواز شریف کی قیادت میں مری میں جو کھچڑی پک رہی تھی اس کا یہ نتیجہ نکلا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ وہی مسلم لیگ ن کے لیڈر ہیں جنہوں نے امیرالمومنین بننے کی کوشش کی اور سپریم کورٹ پر دھاوا بولا تھا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال میں پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی سیاسی پارٹیاں اپنی پوزیشن واضح کریں کہ وہ کدھر کھڑی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ عمران خان پاکستان کے 3 کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، ان کے خلاف بنائے گئے تمام کیسز ختم ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آنے والے وقت میں ملک میں مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے، امریکی ڈالر آنے والے دنوں میں 350 روپے کا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بجلی کا یونٹ 17 روپے کا تھا جو اب 85 روپے کا ہوگیا ہے۔

عمر ایوب نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہو اور ہر ایک کو انصاف مل سکے۔

حکومت میں بیٹھی جماعتیں فکسڈ میچ کھیلنے کی عادی ہیں، شبلی فراز

پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شبلی فراز نے کہاکہ حکومت میں بیٹھی جماعتیں فکسڈ میچ کھیلنے کی عادی ہے، اب یہ لوگ انتخابی ٹریبونلز سے متعلق بھی سازشیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ نے آج پریس کانفرنس کرکے سیاسی سرینڈر کردیا ہے۔ عطااللہ تارڑ نے چھوٹا منہ بڑی بات والی بات کی۔

شبلی فراز نے کہاکہ پی ٹی آئی وہ سیاسی جماعت ہے جس کی تمام صوبوں میں نمائندگی ہے، معیشت اس وقت تک بحال نہیں ہوسکتی جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آجاتا۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ڈکٹیٹر شپ چلا رہی ہے، اس حکومت کو عوام کی پذیرائی حاصل نہیں، اس لیے یہ بڑے فیصلے نہیں کرسکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp