موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے کے لیے فوج کو سیاست سے الگ ہونا پڑے گا، مولانا فضل الرحمان

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے کے لیے فوج کو سیاست سے الگ ہونا پڑے گا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ جب تک فوج خود کو سیاست سے الگ نہیں کرتی اس وقت تک ملک بحران سے نہیں نکل سکتا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ سیاسی قوتوں کے خلاف طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں، اس سے سیاسی انتشار مزید بڑھے گا، تمام ادارے آئین کے مطابق طے شدہ دائرہ کار میں سمٹ جائیں تو ملک سنبھل سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ طاقتور حلقے جتنا جلد اس حقیقت کو سمجھ جائیں گے ملک اور خود ان کے لیے بہتر ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مقتدرہ تسلیم کرلے کہ موجودہ ہائبرڈ نظام ناکام ہوچکا ہے، سارے مسائل کا حل پورے ملک میں ازسر نو شفاف انتخابات کرانے میں مضمر ہے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان ماضی میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے اتحادی رہ چکے ہیں اور عمران خان کی حکومت گرانے میں ان کا اہم کردار تھا، تاہم حالیہ عام انتخابات کے بعد جہاں وہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے ناراض ہیں وہیں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی ان کے گلے شکوے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپریم کورٹ فیصلے کو چیلنج نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت کو پہلے روز سے ہی تسلیم نہیں کیا، ان کا موقف ہے کہ الیکشن میں 2018 کی طرح ایک بار پھر مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے، اس لیے دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

اس کے علاوہ وہ اپنے سخت سیاسی مخالف عمران خان کے ساتھ مل کر مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک چلانے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں، ان کا موقف ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ تلخیاں ضرور ہیں لیکن بات چیت سے معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp