کرکٹ بورڈ کا کردار ہمیشہ باپ کا ہونا چاہیے، شاہد آفریدی

منگل 16 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق آل راؤنڈ کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں میں غلط فہمیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن کرکٹ بورڈ کا کردار باپ کا ہونا چاہیے کہ اگر بچے آپس میں ناراض ہیں تو انہیں بٹھائیں اور غلط فہمیاں دور کریں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان کی موجودہ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ جو بھی تبصرہ کرتے ہیں اسے منفی تصور کیا جاتا ہے لہذا اس سے بہتر ہے کہ بات نہ کی جائے اور خاموش رہا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی کرکٹرز سے ملاقات، بابر اعظم کپتان رہیں گے یا نہیں؟

پاکستانی کرشاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ کرکٹ ٹیم میں کسی چیز کا فقدان نہیں ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں انویسٹ کرنے سے ٹیلنٹ خودبخود اوپر آئے گا، بچوں کی مہارت اور تکنیک کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

اس ضمن میں شاہد آفریدی کے مطابق کرکٹ بورڈ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ’بورڈ کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے کھلاڑیوں کو آمنے سامنے کھڑا کردو، جوکہ بری بات ہے، غلط بات ہے، کرکٹ بورڈ کا رول ہمیشہ باپ کا ہونا چاہیے۔‘

مزید پڑھیں: بھارت سے شکست، چیئرمین پی سی بی کا قومی ٹیم کی سرجری کا فیصلہ

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر بچے آپس میں ناراض ہیں تو انہیں مل کر بٹھائیں، یہ کوئی پہلی مرتبہ چیز نہیں ہوئی، یہ ہمیشہ ہوتی آئی ہے، لیکن مضبوط مینجمنٹ مضبوط فیصلے کرتی ہے، کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ بٹھا کر ان کی غلط فہمیاں دور کرتی ہے۔

پاکستان چیمپیئنز ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ 1960 والی فیلڈنگ کا مسئلہ ہے، جو آج بھی موجود ہے اور انہوں نے بھی اسی مسئلہ کا سامنا کیا ہے۔

انڈیا چیمپیئنز کیخلاف فائنل میں پاکسان چیمپیئنز کی کارکردگی کا تجزیہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 25 سے 30 رنز کم اسکور کیے، اور بیچ کے اوورز میں تھوڑا آہستہ بھی کھیلے، اس کے علاوہ موقع پرکیچز بھی چھوڑے۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے ملکی کرکٹ کی بہتری کا نسخہ بتا دیا

’نیا بال بھی ہم نے اچھا نہیں کھیلا، جس کی وجہ سے یہ نتیجہ ہے، ہمارا کام ہوگیا۔۔۔ان شاءاللہ، اگلے سال جب آئیں گے تو دوبارہ جوان ہو کر آئیں گے۔‘

شاہد آفریدی سمندر پار پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی سے انتہائی متاثر نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہر جگہ موجود پاکستانی کمیونٹی کو کامیاب دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے، یہ ملکی طاقت ہیں کیونکہ یہ رہتے تو باہر ہیں لیکن ہوتے پاکستان کے سفیر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp