قرآن پر حلف اٹھانے والی پہلی خاتون برطانوی لارڈ چانسلر کون ہیں؟

منگل 16 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی رائل کورٹس آف جسٹس میں منعقدہ ایک تاریخی تقریب میں پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ شبانہ محمود نے برطانیہ کی پہلی خاتون مسلمان لارڈ چانسلر کے طور پر حلف اٹھالیا ہے، ان کا خاندانی تعلق جہلم کے علاقے سے ہے۔

مذکورہ تقریب برطانوی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے  کیونکہ شبانہ محمود نے قرآن پاک پر حلف اٹھایا، قانون کے مطابق لارڈ چانسلر سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے انصاف اور ولی عہد کا وزیر ہے، جو انگلینڈ اور ویلز میں عدالتوں اور قانونی امداد کا ذمہ دار ہے۔

تقریب کی صدارت کرتے ہوئے پہلی خاتون چیف جسٹس ڈیم سو کار نے اس تاریخی موقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ایک ‘ٹرپل فرسٹ’ سے عبارت ہے: قرآن پر حلف اٹھانے والی پہلی لارڈ چانسلر، پہلی خاتون لارڈ چانسلر، اور پہلی بار ایک خاتون چیف جسٹس نے لارڈ چانسلر سے حلف لیا ہے۔

’یہ سنگ ہائے میل ہمارے آئین کے مستقل ارتقاء کی نمائندگی کرتے ہیں جو اس معاشرے کا عکاس ہے جس کی وہ خدمت کرتا ہے۔‘

اپنی پیشہ ورانہ وکالت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کی مضبوط جڑوں کے ساتھ فعالیت کے لیے مشہور شبانہ محمود نے حلف اٹھانے کے بعد اظہار تشکر اور عزم کا اظہار کرتے ہوئے برمنگھم کے علاقے اسمال ہیتھ میں اپنے والدین کی دکان پر کام کرنے سے لے کر اپنے موجودہ کردار اور مرتبے تک پہنچنے کے اپنے سفر پر روشنی ڈالی۔

شبانہ محمود کے مطابق کسی بھی شعبے میں اولین ہونا ایک استحقاق اور ذمہ داری دونوں سے مبرا نہیں۔ ’اس حق کا حصول آئندہ نسلوں کے لیے دروازے کھول سکتا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ زمین پر موجود قدیم ترین عہدے بھی ہم سب کی پہنچ میں ہیں۔‘

شبانہ محمود نے یہ بھی بتایا کہ وہ پہلی لارڈ چانسلر ہیں جو اردو بول سکتی ہیں، اس تقریب میں شریک لا سوسائٹی کے صدر نک ایمرسن اور بار چیئر سیم ٹاؤن اینڈ سمیت ممتاز شخصیات نے شبانہ محمود کی انصاف کے لیے لگن کی تعریف کرتے ہوئے برطانوی قانونی نظام پر ان کے کردار کے مثبت اثرات کی توقع کی۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایکس ڈاٹ کام پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ شبانہ محمود کا برطانیہ کی پہلی مسلمان لارڈ چانسلر کی حیثیت سے حلف اٹھانا جہلم کے لوگوں کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ ان کے مطابق شبانہ محمود کا تعلق پنجابی میں بلوط کے درخت کے مستعمل لفظ بوہڑ سے ماخوذ ایک چھوٹے سے گاؤں بوہڑیاں کے ایک محنتی خاندان سے ہے۔

فواد چوہدری کے مطابق شبانہ محمود کے خاندان نے برطانیہ ہجرت کی اور انہوں نے سخت محنت اور حوصلہ مندی سے برطانیہ کے سب سے بااثر ادارے میں اہم عہدہ حاصل کیا ہے۔

لندن میں منعقدہ اس تقریب میں حلف اٹھانے کے بعد شبانہ محمود نے قانون کی بین الاقوامی حکمرانی کا دفاع اور انسانی حقوق کو برقرار رکھنےکا عہد کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کو سیاسی دباؤ اور غیر ضروری اثر و رسوخ سے متاثر ہوئے بغیر قانون کی حکمرانی کا چیمپئن بننے کا عہد کرتے ہوئے فیصلے کرنے چاہییں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp