کوپا امریکا فائنل کے دوران کولمبیا فٹبال فیڈریشن کے صدر اور ان کے بیٹے کو کیوں گرفتار کیا گیا؟

منگل 16 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوپا امریکا 2024ء میں ارجنٹینا اور کولمبیا کے مابین کھیلے گئے فائنل میچ کے دوران امریکی حکام نے کولمبیا کی فٹبال فیڈریشن کے صدر اور ان کے بیٹے کو گرفتار کرلیا تھا۔

کوپا امریکا فائنل میچ کے دوران کل 27 افراد کو لڑائی جھگڑا کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ان 27 افراد میں کولمبیا کی فٹبال فیڈریشن کے صدر 71 سالہ رامون جیسورن اور ان کے بیٹے رامون جمیل جیسورن بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ارجنٹینا 16ویں مرتبہ کوپا امریکا کپ کا فاتح بن گیا

امریکی میڈیا کے مطابق، رامون جیسورن اور رامون جمیل جیسورن کو اتوار کے روز ہارڈ راک اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے بعد حراست میں لیا گیا اور بعدازاں ان پر فرد جرم عائد کی گئی۔

ان دونوں افراد پر اسٹیڈیم میں تعینات متعدد سیکیورٹی گارڈز سے جھگڑا کرنے جبکہ ایک گارڈ پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے ان دونوں کو پیر کے روز رہا کردیا تھا۔

گرفتاری کے ریکارڈ کے مطابق، دونوں افراد نے ایک سرنگ کے ذریعے اسٹیڈیم میں جانے کی کوشش کی جہاں میچ کے بعد میڈیا کے لوگ جمع ہو رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوپا امریکا ٹرافی وصول کرنے کا اسٹائل میسی نے پہلے کب اپنایا تھا؟

ایک سیکیورٹی گارڈ نے ان دونوں کو روکنے کی کوشش کی تو وہ دونوں طیش میں آگئے، اسی دوران رامون جمیل جیسورن نے ایک گارڈ کو نیچے گرایا اور اس کے چہرے پر 2 گھونسے جڑ دیے، جس کے بعد انہیں فوری حراست میں لے لیا گیا۔

کولمبیا کی فٹبال فیڈریشن نے آج ایک بیان میں کہا کہ اسٹیڈیم میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے کولمبین وفود کو ایوارڈز کی تقریب کے لیے میدان میں جانے سے روکا گیا۔ فیڈریشن نے کہا کہ جب جمیل جیسورن کو روکا گیا تو ان کے والد مداخلت کے لیے آگے بڑھے۔

بیان میں مزید کہا گیا، ’کولمبیا کی فٹبال کی گورننگ باڈی کے طور پر جو کچھ ہوا ہمیں اس پر ہمیں ہے اور ہم منتظمین، میزبان ملک اور متاثرہ افراد سے معذرت خواہ ہیں، صدر جیسورن نے بھی ان واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: یورو کپ 2024: انگلینڈ کو شکست، اسپین نے چوتھی بار ٹائٹل جیت لیا

واضح رہے کہ ارجنٹینا اور کولمبیا کے درمیان فائنل میچ اسٹیڈیم میں نظم و ضبط کی صورتحال خراب ہونے کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، میچ سے قبل سینکڑوں شائقین نے بغیر ٹکٹ زبردستی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم کو کافی نقصان پہنچا تھا۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے کوپا امریکا فائنل میچ کے دوران ہونے والی بد انتظامی پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp