پنجاب پولیس کے محکمانہ احتساب میں نرمی کا فیصلہ

جمعرات 30 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی جی پنجاب پولیس نے پولیس فورس کے محکمانہ احتساب کے ضمن میں اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے ماتحت اسٹاف کو غیر ضروری شوکاز نوٹسز اور بغیر انکوائری بڑی سزائیں دینے سے روک دیا ہے۔

آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس افسروں کے نام جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ماتحتوں کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر بڑی سزائیں دینے کی روش کو پولیس محکمہ کی ’ڈسپلن میٹرکس‘ کی واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

’ایک ہی آرڈرلی روم میں ایک سے زائد سزائیں دینا انتہائی غیر مناسب اور ڈسپلن میٹرکس کے اسٹینڈنگ آرڈر سے روگردانی ہے۔ جس سپروائزی افسر نے ماتحت اہلکار کو  ڈسپلن میٹرکس سے ہٹ کر سزا دی تو اس کا احتساب میں خود کروں گا۔‘

آئی جی پنجاب پولیس کے مطابق سپروائزری افسروں کو پہلے جزا اور پھر سزا کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ بلاجواز سزائیں ماتحتان کی مشکلات میں اضافے کے ساتھ سپروائزری افسران کی عزت میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس افسر اپنے ماتحت اسٹاف کی جانب سے جمع کرائی گئی اپیلز پر میرٹ کے مطابق جلد از جلد فیصلے کریں۔

’افسر پولیس لائنز میں جاکر کانسٹیبلری کے ساتھ بیٹھیں اور انکی مشکلات دریافت کریں۔ سپاہ سے پیار اور محبت کا برتاؤ فورس کا مورال بلند کرنے کا سبب بنتا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp