مہنگائی کے دور میں سستے موبائل فون اور ٹیبلٹ کہاں سے ملتے ہیں؟

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے ایک بار پھر عوام پر مہنگائی بم گرا دیا۔ موبائل فونز پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد ہوا تو مختلف کمپنیوں کے موبائل فون اور ٹیبلیٹس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ تاہم  کوئٹہ میں ایک مارکیٹ ایسی بھی ہے جہاں آج بھی مہنگے موبائل فون مناسب داموں دستیاب ہیں۔ شہر کے وسط میں واقع تاریخی روسی مارکیٹ میں آئی فون، سیم سنگ، وی وو، ہواوے سمیت کئی بین الاقوامی کمپنوں کے  نئے ماڈل 20 سے 30 فیصد کم قیمتوں پر دستیاب ہیں۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے روسی مارکیٹ میں موبائل فون کے کاروبار سے منسلک سید اصغر شاہ نے بتایا کہ روسی مارکیٹ میں ہر اقسام کے موبائل فون اور ٹیبلیٹس دستیاب ہیں۔ لوگ بڑی تعداد میں روسی مارکیٹ میں آتے ہیں اور یہاں سے موبائل فون اور ٹیبلیٹس کی خریداری کرتے ہیں۔ دراصل یہاں مہنگے سے مہنگا موبائل فون بھی مرکزی مارکیٹ کی نسبت مناسب قیمت پر دستیاب ہے جبکہ ان کی کوالٹی کسی بڑے اسٹور پر فروخت ہونے والے موبائل فون یا ٹیبلیٹ سے کم نہیں ہوتی۔

سید اصغر نے بتایا کہ اگر مارکیٹ میں کسی فون کی قیمت ایک لاکھ روپے ہوتی ہے تو یہاں وہی فون 60 سے 70 ہزار روپے میں بآسانی دستیاب ہوتا ہے۔ دراصل روسی مارکیٹ میں موبائل فون اور ٹیبلیٹس اس لیے سستے ہوتے ہیں کیونکہ چمن سرحد سے یہ موبائل کوئٹہ میں لائے جاتے ہیں اور ان پر ٹیکس نہیں دیا جاتا۔

سید اصغر کے مطابق پاکستان کی مختلف موبائل فون مارکیٹوں میں یہاں سے فون اور ٹیبلیٹس سپلائی کیے جاتے ہیں جبکہ دوسرے شہریوں سے بھی لوگ بڑے پیمانے پر روسی گلی میں آکر فون کی خریداری کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp