سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات کے حوالے سے کیس آج سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے اور نیا بینچ جمعہ کے روز دن ساڑھے گیارہ بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس امین الدین کی معذرت کے بعد بینچ ٹوٹ گیا ہے اور اب کون سا نیا بینچ اس کیس کو سنے گا اس کافیصلہ کل ہی ہوگا۔
اس سے قبل دونوں صوبوں میں عام انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کرنے والا لارجر بینچ اس وقت ٹوٹ گیا جب جسٹس امین الدین نے کیس سننے سے معذرت کر لی تھی۔
جمعرات کے روز جب پانچ رکنی لارجر بینچ سماعت کے لیے پہنچا تو چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جسٹس امین الدین کچھ کہنا چاہتے ہیں تو اس موقع پر سینئر جج نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں میں اس کیس کی سماعت سے معذرت کرتا ہوں جس کے بعد سماعت موخر کردی گئی۔
انتخابات التوا کیس: جسٹس امین کی کیس سننے سے معذرت، سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا۔#WENews #Pakistan #supremecourt #elections
مزید خبروں/ویڈیوز کے لیے: https://t.co/cA5LyeOAiL pic.twitter.com/feXnDmuNVf— WE News (@WENewsPk) March 30, 2023
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے رولز بنائے جانے تک ازخود نوٹس کے تمام کیسز ملتوی کرنے کا حکم دیا تھا۔ جسٹس امین الدین احمد اس 3 رکنی بینچ کا حصہ تھے۔
جسٹس امین الدین خان کی جانب سے معذرت کے بعد سپریم کورٹ کا لارجر بینچ تحلیل ہوگیا۔ اب کیس میں نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔