تیمور خان جھگڑا پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی میں شامل، نوٹیفکیشن جاری

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما تیمور سلیم خان جھگڑا کو پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے مطابق تیمور سلیم خان جھگڑا کو  فوری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی سیاسی کمیٹی میں بطور ممبر شامل کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیر افضل کو پی ٹی آئی کی کورکمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکال دیا گیا

تیمور سلیم خان جھگڑا خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے خزانہ اور صحت رہے  وہ 29 اگست 2018 سے 18 جنوری 2023 تک اس عہدے پر فائز رہے ہیں۔ وہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

جنوری 2018 میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کی۔ جس کے بعد انہیں پی ٹی آئی کے اندر سے سخت مخالفت کے باوجود حلقہ  پی کے 73 پشاور8 سے 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ٹکٹ دیا گیا تھا ۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے کم از کم 33 کارکنوں نے حلقہ  پی کے 73 پشاور8  سے ٹکٹ کے لیے درخواست دی تھی جن میں سے اکثر مقامی تھے لیکن پی ٹی آئی نے تیمور جھگڑا کو ہی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا، جو اس حلقے میں اس وقت نسبتاً غیر معروف تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp