یورپ سمیت دنیا بھر میں آئی ٹی بندش سے کاروبار زندگی متاثر، بیشتر پروازیں معطل

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یورپ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں بینکوں، فضائی کمپنیوں، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، ٹی وی اور ریڈیو نشریات سمیت سپر مارکیٹس کے سسٹمز مائیکرو سافٹ کے ونڈوز ورک اسٹیشنز میں ہونے والی ایک خامی کے نتیجے میں آف لائن ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش، فری لانسرز کو کتنا نقصان ہوا؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں سائبرسیکیورٹی پلیٹ فارم کراؤڈ اسٹرائیک کے ڈاؤن ہونے کی وجہ سے عالمی آئی ٹی مسائل، مائیکروسافٹ کریش، متعدد امریکی ریاستوں میں 911 بندش، اور بین الاقوامی ایئر لائنز، بینکوں اور میڈیا آؤٹ لیٹس کو سائبر رکاوٹوں کا  سامنا ہے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق، ڈیلٹا، یونائیٹڈ اور امریکن ایئر لائنز سمیت کئی بڑی امریکی ایئر لائنز کی تمام پروازیں جمعہ کی صبح مواصلاتی مسئلے کی وجہ سے گراؤنڈ کر دی گئی ہیں، ایف اے اے نے کہا کہ ’گراؤنڈ اسٹاپ‘ ایئر لائنز کی تمام پروازوں کو ان کی منزل سے قطع نظر متاثر کرتا ہے۔

ان ایئر لائن کی گراؤنڈنگ اس وقت ہوئی جب مائیکروسافٹ کی ایک اہم بندش نے فرنٹیئر ایئر لائنز کو جمعرات کو گھنٹوں تک تعطل سے دوچار کیے رکھا حالانکہ ان ایئر لائنز کے لیے گراؤنڈ اسٹاپ کو ہٹا دیا گیا ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ ’گراؤنڈ اسٹاپ‘ کب تک نافذالعمل رہے گا، حالانکہ ایف اے اے کی جانب سے اگلی اپ ڈیٹ ایسٹرن ٹائم کے مطابق صبح 5 بجے تک دستیاب ہوگی۔

سائبر سیکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کے مطابق امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، بھارت اور دیگر متعدد ممالک میں ونڈوز ورک اسٹیشنز پر ’اسکرین آف ڈیتھ ایرر‘ کی وجہ سے آف لائن ہوگئے ہیں، جس کے باعث ٹیلی ویژن چینلز، ہوائی اڈے اور بینک کی سہولیات اور خدمات بھی آف لائن ہوگئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج:انٹرنیٹ بندش کے دوران استعمال ہونے والا VPN کیا ہے؟

تاہم پاکستان میں عالمی آئی ٹی بندش کی صورتحال میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کا فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال اور فعال ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق انٹرنیٹ سروس متاثر ہوتے ہی پی آئی اے نے فضائی اپریشن متبادل نظام پر منتقل کردیا تھا۔

’اس دوران لاہور پر ایک پرواز معمولی تاخیر کا شکار ہوئی مگر دیگر تمام اپریشن مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے۔‘

اس عالمی آئی ٹی بندش کے تناظر میں بیلفاسٹ ہوائی اڈے پر تکنیکی خرابی کے نتیجے میں پرواز کے اوقات کو ظاہر کرنے کے لیے وائٹ بورڈ کا سہارا لیا ہے، ایئرپورٹ ترجمان کے مطابق عالمی آئی ٹی سسٹم کی بندش بہت سے دوسرے کاروباروں کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈے کو بھی متاثر کر رہی ہے، لیکن پروازیں چلتی رہتی ہیں۔

برطانیہ میں اسکائی نیوز چینل جمعہ کی صبح آف ائیر ہوگیا جبکہ آسٹریلیا کے میلبرن ایئرپورٹ کی جانب سے ایکس ڈاٹ کام پر بیان جاری کیا گیا کہ عالمی ٹیکنالوجی مسئلے کے باعث کچھ فضائی کمپنیوں کا چیک ان کا طریقہ کار متاثر ہوا ہے جس کے باعث مسافروں کو چیک ان کرنے میں غیر معمولی تاخیر کا سامنا درپیش ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انٹرنیٹ کی بندش سے فائدہ تحریک انصاف کو ہوا؟

آئی ٹی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے برطانیہ میں مسافروں کو متعدد ٹرینوں کے شیڈول متاثر ہونے کا انتباہ دیا گیا، اسی طرح امریکا اور آسٹریلیا سمیت کئی یورپی ممالک میں مائیکرو سافٹ کے سسٹم میں آنے والی اس خامی کے باعث پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔

نیدر لینڈز میں بھی ایئرپورٹ آپریشن متاثر ہوا ہے، برطانیہ کےایڈنبرا ائیرپورٹ پر خودکار بورڈنگ پاس اسکینرز غیرفعال ہونے کے باعث مسافروں کی مینوئل چیکنگ کی گئی، چیک ری پبلک کےدارالحکومت پراگ میں بھی پروازوں کی روانگی اس تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیس بک اور انسٹاگرام کی بندش کیوں؟،نیا ٹل کا پیغام سامنے آ گیا

کراؤڈ اسٹرائیک کے مطابق دنیا کے متعدد حصوں میں صارفین کو ’اسکرین آف ڈیتھ ایرر‘ کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ ابھی واضح نہیں مگر بظاہر یہ مسئلہ کراؤڈ اسٹرئیک کی ایک اپ ڈیٹ کے نتیجے میں رونما ہوا ہے، جس کے باعث ونڈوز کمپیوٹرز ری بوٹ نہیں ہو پا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp