پی ٹی آئی پر پابندی، صدر مملکت نے اہم اجلاس طلب کرلیا

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف زرداری نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے ایوان صدر میں آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی عائد کیے جانے کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماؤں کو ایوان صدر پہنچنے کی ہدایت کی ہے، جہاں اہم اجلاس میں وہ سیاسی رہنماؤں سے پی ٹی آئی پر پابندی، سابق صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کے اطلاق سے متعلق مشاورت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : کیا عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ممکن ہے؟

اجلاس میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی بعد کی صورتحال پر بھی مشاورت ہوگی، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس اہم مشاوراتی عمل میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجا جائےگا، یہ ریفرنس بھی کابینہ کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کو ارسال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی پر پابندی اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، پارلیمانی پارٹی کا اعلامیہ جاری

عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا تھا کہ حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس کے بعد حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے اسے اعتماد میں نہیں لیا گیا، بعد میں حکومت نے بھی مؤقف اختیار کیا وہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے حوالے سے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp