کینیڈا میں پہلی بار خاتون نے مسلح افواج کی کمان سنبھال لی

جمعہ 19 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا میں پہلی بار کسی خاتون کو چیف آف ڈیفنس بنایا گیا ہے جس کے بعد وہ ملک کی مسلح افواج کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق، 56 سالہ جنرل جینی کیریگنن نے جمعرات کو ایک تقریب میں کینیڈا کی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ سنبھالا۔ جنرل کیریگنن دنیا کی دوسری آرمی چیف ہیں۔ اس سے پہلے 2018 میں یورپی ملک سلووینیا میں خاتون جنرل الینکا ایرمینچ کو آرمی چیف بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بولیویا میں فوجی بغاوت ناکام، باغی آرمی چیف کی گرفتاری پر عوام خوشی سے سڑکوں پر نکل آئی

بطور ملٹری انجینیئر کیریئر کا آغاز کرنے والی کیریگنن کینیڈا کی فوج میں 35 سال خدمات انجام دے چکی ہیں اور اس دوران افغانستان، بوسنیا ہرزیگوینا، عراق اور شام میں فوجیوں کی کمان سنبھال چکی ہیں۔

جنرل کریگنن 4 بچوں کی ماں ہیں اور ان کے 2 بچے بھی کینیڈا کی فوج میں ملازمت کرتے ہیں۔ جنرل کریگنن کو ان کے کیریئر کے دوران خدمات کے اعتراف میں متعدد اعزازات اور تمغوں سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: روسی آرمی چیف اور سابق وزیردفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری

کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں کینیڈین وار میوزیم میں کمان کی تبدیلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل کریگنن نے کہا کہ وہ اس چیلنج کو سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا، ’یوکرین اور مشرق وسطیٰ میں تنازعات، دنیا کے دیگر حصوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگیاں، موسمیاتی تبدیلی، ہمارے فوجیوں کی ملک اور بیرون ملک بڑھتی ہوئی مانگ اور ہماری جمہوری اقدار اور اداروں کو لاحق خطرات وہ بعض پیچیدہ چیلنجز ہیں جن کے لیے ہمیں مطابقت اختیار کرنا ہوگی اور ان کا مقابلہ کرنا ہو گا۔‘

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں، آرمی چیف سید عاصم منیر

جنرل کیریگنن نے سابق جنرل وین ایئر کی جگہ فوج کی کمان سنبھالی ہے۔ جنرل وین ایئر 2021 سے بطور چیف آف ڈیفنس خدمات انجام دے رہے تھے۔ اعلیٰ فوجی کمان کی تبدیلی ایسے موقع پر کی گئی ہے جب کینیڈا کی حکومت نے دفاعی اخراجات میں اضافے اور مسلح افواج کو جدید بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت کا ارادہ ہے کہ 2032 تک نیٹو کے دفاعی اخراجات کے ہدف کو مجموعی قومی پیداوار کے 2 فیصد تک لایا جائے۔ حکومتی اندازوں کے مطابق، 25-2024 کے مالی سال میں کینیڈا کے دفاعی اخراجات جی ڈی پی کا 1.39 فیصد ہوں گے۔

واضح رہے کہ 2015 میں وزیراعظم بننے کے بعد جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا میں صنفی مساوات پر مبنی پالیسیوں کو اختیار کیا۔ 2018 میں انہوں نے ایک خاتون کو رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کا سربراہ مقرر کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp