آسمان اور اس پر چمکتے چاند ستارے انسان کے لیے ہمیشہ ہی سے باعث دلچسپی رہے ہیں، تاہم اب کہکشاؤں کے بننے کے عمل کا مطالعہ انسان کی اس جانب رہنمائی کر سکتا ہے کہ زندگی کا آغاز کیسے ہوا؟
یہ بھی پڑھیں:ناسا کی منفرد مقام سے چاند طلوع ہونے کی تصویر، نیچے زمین ہے یا سمندر؟
ماہرین فلکیات نے آسمان کی وسعتوں میں موجود طاقتور دوربین جیمز ویب کی مدد سے کائنات کے اس ابتدائی دور کا مشاہدہ کیا ہے جب 3 اولین کہکشائیں وجود میں آ رہی تھیں۔
ماہرین کے اندازوں کے مطابق یہ تاریخی واقعہ لگ بھگ ساڑھے 13 ارب سال پہلے ہوا تھا۔ جب کہ 13 ارب 80 کروڑ سال پہلے بگ بینگ کے دھماکے نے اس کائنات کو جنم دیا۔
بگ بینگ
کائنات کے اس اولین دھماکے کو بگ بینگ کہتے ہیں جس نے کہکشاؤں، ان کے نظام ہائے شمسی اور بے شمار ستاروں کو جنم دیا۔
بلیک ہول
کائنات میں ایسے بڑے بڑے اجسام بھی موجود ہیں، جن کی مقناطیسی طاقت اتنی زیادہ ہے کہ وہ قریب آنے والی چیزوں کو اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں۔ انہیں سائنس کی زبان میں بلیک ہول کہتے ہیں۔
ستاروں کی عمر
آسمان کی وسعتوں میں موجود اجرام فلکی کی عمر کا تعین 3 طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ اول، بہت پرانے ستارے سے اس کا موازنہ، دوسرا طریقہ اس کی گردش کی رفتار کا مطالعہ اور تیسرا طریقہ اس سے خارج ہونے والی روشنی کی پیمائش ہے۔
اربوں سالوں کا سفر
ماہرین فلکیات کے مطابق ستارے جیسے جیسے پرانے ہوتے ہیں ان کی گردش کی رفتار کم ہوتی جاتی ہے۔ ستارے وجود میں آتے ہیں تو بہت روشن ہوتے ہیں،پھر آہستہ آہستہ ان کی چمک ماند پڑنے لگتی ہے۔ تاہم یہ سو یا ہزار برس کی بات نہیں ہے۔ یہ اربوں سالوں کا سفر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کائنات کو سمجھنے کے لیے ایلون مسک آج اپنی نئی اے آئی کمپنی کا آغاز کریں گے
روشنی ایک پیمانہ
کائنات میں فاصلے اتنے زیادہ ہیں کہ ان کی پیمائش روشنی سے کرنی پڑتی ہے۔ روشنی ایک منٹ میں ایک لاکھ 86 ہزار میل کا فاصلہ طے کرتی ہے۔ یہ کائنات اتنی وسیع و عریض ہے کہ کئی ستارے ہم سے اتنے فاصلے پر ہیں کہ ان کی روشنی ابھی تک زمین پر نہیں پہنچی، جب کہ زمین کو وجود میں آئے ہوئے بھی ساڑھے 4 ارب سال سے زیادہ ہو چکے ہیں۔
پہلے پہل تشکیل پانے والی کہکشاؤں کا مشاہدہ اہم کیوں ؟
کائنات کی اولین کہکشاؤں کا مشاہدہ ماہرین کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق یہ اس بنیادی سوال کا جواب ڈھونڈنے کی جانب سفر کی ایک اہم منزل ہے، جس کے بارے میں ہر انسان متجسس ہے کہ ہم کون ہیں اور کہاں سے آئے ہیں۔