بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں آئے روز طلاق اور بریک اپ کے قصے سامنے آرہے ہیں، حال ہی میں ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں جس کی تصدیق بھی ہوگئی۔ وہیں دوسری جانب انہیں دنوں بالی وڈ انڈسٹری کے سب سے بڑے خاندانوں میں سے ایک بچن خاندان اور ان کی بہو ایشوریہ رائے کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی بھارتی میڈیا پر کافی زیادہ گردش کررہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ستاروں کے تعلقات اچھے نہیں ہیں، کیونکہ اننت امبانی کی شادی میں اداکارہ ایشوریا بیٹی آرادھیا کے ہمراہ اکیلے پہنچی جبکہ ابھیشیک دیگر گھر والوں کے ہمراہ نظر آئے۔ اس حوالے سے مداح بھی تجسس کا شکار ہیں کہ آخر ان کے درمیان چل کیا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ہاردک پانڈیا اور اہلیہ نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا، نتاشا نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کیا کہا؟
ان سب خبروں اور افواہوں کے درمیان بالی ووڈ کی بے بو کرینہ کپور نے نیا پنڈورا باکس کھولتے ہوئے اپنے اور سیف علی خان کے درمیان ہونے والی لڑائی کی وجہ بھی بتا دی، کرینہ کپور خان نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے اور اداکار سیف علی خان کے 12 سالہ ازدواجی تعلق پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ اداکار سیف علی خان سے شادی کے بعد میں ایک ذمہ دار شخصیت کی مالک بنی ہوں، شادی ایک خوبصورت رشتہ ہے جو دو لوگوں کو مکمل کرتا ہے۔ بالکل اسی طرح جب میں تھوڑا سا بھی پریشان ہو جاؤں تو سیف میرا خیال رکھتے ہیں اور یہی رویہ میرا بھی سیف کے ساتھ ہوتا ہے۔
اداکارہ کرینہ کپور نے بتایا کہ ان کے اور سیف علی خان کے درمیان ایک یا دو نہیں بلکہ کئی کئی باتوں پر لڑائی ہوتی ہے چاہے بات چھوٹی ہو یا بڑی فرق نہیں پڑتا۔ اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ جیسے ہماری اکثر لڑائی اے سی کے درجہ حرارت کو لے کر ہوتی ہے۔
’مجھے 20 ڈگری چاہیے ہوتا ہے لیکن سیف کو بہت گرمی لگتی ہے وہ 16 پر اے سی چلاتے ہیں تھوڑی بحث کے بعد پھر بات سمجھوتہ پر آتی ہے اور ہم کہتے ہیں چلو 19 پر سمجھوتہ کرتے ہیں‘۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ جب بھی کرشمہ گھر آتی ہیں اور ہم رات کا کھانا کھا رہے ہوتے ہیں تو وہ بڑی چالاکی سے اے سی کے درجہ حرارت کو کم کرکے 25کردیتی ہیں یہ سب دیکھ کر سیف کہتے ہیں، خدا کا شکر ہے کہ میں نے بے بو سے شادی کی کیونکہ وہ کم از کم 19ڈگری پر سمجھوتہ تو کرلیتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے میں طلاق کی خبریں، اصل معاملہ کیا ہے؟
اداکارہ نے بتایا کہ ہماری زیادہ تر لڑائیاں وقت کو لے کر ہوتی ہیں ہم پیسے یا کسی اور چیز پر کبھی نہیں لڑتے، لڑائی ہوتی ہے تو ٹاپک یہی ہوتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت کم وقت گزارہے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ تو ایسا بھی ہوتا ہے کہ سیف اور میری ایک ہی گھر میں رہنے کے باوجود کئی کئی دنوں تک ملاقات نہیں ہوپاتی کیونکہ شوٹنگز کے شیڈول کی وجہ سے ہم دونوں کی شفٹیں الگ الگ ہوتی ہیں۔
مگر جب یہ سلسلہ طویل ہوجاتا ہے تو پھر ہم دونوں بیٹھ کر کیلنڈر دیکھتے ہیں اور ہفتے کا کوئی بھی ایک دن منتخب کرتے ہوئے اس دن گھر میں رہ کر ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔