بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی میں علیحدگی کی خبریں کافی عرصے سے گردش میں ہیں اور مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں ابھیشیک کے اہلیہ اور بیٹی کے بجائے والدین کے ہمراہ فوٹوشوٹ نے ان افواہوں کو ایک بار پھر ہوا دی جہاں ابھیشیک بچن اپنے والدین امیتابھ بچن اور جیا بچن کے ہمراہ پہنچے جبکہ ایشوریا رائے اور آرادھیا الگ پہنچیں۔
تاہم تقریب کی کچھ ایسی تصاویر بھی سامنے آئیں جن میں ابھیشیک اور ایشوریا رائے کو ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا اور دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں دم توڑ گئی تھیں۔
لیکن اب بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کی طلاق کی ایک پوسٹ پر ردعمل کے بعد فلمی دنیا کی مقبول جوڑی کے درمیان علیحدگی ایک بار پھر موضوع بحث بن گئی۔
ابھیشیک بچن نے سوشل میڈیا پر بھارتی صحافی حنا کھنڈیوال کی جانب سے شیئر کی گئی طلاق سے متعلق پوسٹ کو لائیک کیا، لائیک کی گئی پوسٹ میں درج تھا کہ جب محبت آسان نہ لگنے لگے، طلاق کسی کے لیے کبھی بھی آسان نہیں ہوتی، کون خوشی سے زندگی گزارنے کا خواب نہیں دیکھتا لیکن اس کے باوجود زندگی کبھی بھی ویسی نہیں ہوتی جیسی ہم امید کرتے۔
طلاق پر مبنی آرٹیکل میں لکھا گیا تھا کہ طویل عرصے سے شادی کے رشتے میں بندھے جوڑے اب اپنی راہیں الگ کر رہے ہیں آخر کون سی ایسی چیز ہے جو ان کو یہ فیصلہ لینے پر مجبور کر رہی ہے۔
اس پوسٹ کو لائک کرنے کے بعد کئی مداحوں کا کہنا ہے کہ ابھیشیک اور ایشوریا رائے کے درمیان طلاق ہوگئی ہے جبکہ کچھ نے کہا کہ اداکار طلاق دینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں، ایشوریہ یا ابھیشک کی جانب سے ایسی خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ دونوں کم ہی ایک ساتھ کم نظر آتے ہیں اور ایک دوسرے کی سوشل میڈیا پوسٹس سے بھی غیر حاضر ہی دکھائی دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایشوریا رائے کے بچن ہاؤس چھوڑنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں اور امیتابھ بچن نے اپنی بہو ایشوریا کو سوشل میڈیا سے ان فالو بھی کردیا تھا۔
یاد رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن نے اپریل 2007 میں شادی کی تھی۔ ان کی بیٹی آرادھیا کی پیدائش 2011 میں ہوئی تھی۔