اپوزیشن جماعتوں کی تحریک تحفظ آئین کے نام سے اتحاد کی اہم بیٹھک میں عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے متفقہ طور پر قررارداد منظور کرلی گئی، قرارداد میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم ہنگامی اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا، جس میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر گرفتار سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری دی گئی۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی پر ممکنہ پابندی کیخلاف قرارداد منظور
قرارداد کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی کے دیگر عہدیداران کے خلاف قائم مقدمات قوانین اور انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں، قرارداد میں تیزی سے بڑھتی مہنگائی اور بجلی گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت مہنگائی کم کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات اٹھائے اور قیمتوں میں اضافہ فوراً واپس لیا جائے۔ قرارداد میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
قرارداد کے مطابق مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کی فتح ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے عدلیہ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے متعلق امریکی کانگریس کی قرارداد پر محکمہ خارجہ کا موقف سامنے آگیا
قرارداد کے مطابق تحریک تحفظ آئین آئندہ جمعہ ملک گیر احتجاج کا اعلان کرے گی، تحریک تحفظ آئین کے اجلاس میں بنوں واقعے کے حوالے سے شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔