کچھ قوتوں نے بنوں امن مارچ کو سیاست کی نذر کیا، اب پروپیگنڈا ہورہا ہے، وزیر اطلاعات

ہفتہ 20 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کچھ قوتوں نے بنوں امن مارچ کو سیاست کی نذر کیا، اب بھی پروپیگنڈا مہم جاری ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے فیک نیوز پھیلائی جارہی ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں نے 15 جولائی کو بنوں چھاؤنی میں دہشتگردی کی، اس دوران ایک سپاہی نے اپنی جان قربان کرکے ہزاروں افراد کو بچایا، اس کے بعد تاجروں نے اجازت لے کر امن مارچ کیا لیکن سیاسی عناصر کی جانب سے 15 جولائی کو حملے کی جگہ جاکر ہی احتجاج کی کوشش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ کچھ عناصر نے دہشتگرد حملے والی جگہ پر جاکر ہی پرتشدد کارروائیوں کی کوشش کی، اس دوران مسلح افراد بھی موجود تھے جن کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج عمران خان کا بیان دیکھا جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ لوگوں پر سیدھی فائرنگ کی گئی، کیا ہی اچھا ہوتا کہ کہ وہ دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ عناصر کی جانب سے قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، علاقے میں حالات امن کی طرف جارہے ہیں، لیکن کچھ عناصر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں بنوں میں امن بحال ہوگیا، بیرسٹر سیف

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں جس جماعت کی حکومت ہے اس کے اپنے لوگ مارچ میں شامل تھے، وہاں کی حکومت کیسے شفاف انکوائری کرسکتی ہے، ان کو یہ حق نہیں ہونا چاہیے کہ وہ اس معاملے کی انکوائری کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp