امریکا کی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ پارٹی کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تو یہ تک پتا نہیں کہ ان کا صدارتی امیدوار کون ہے؟ ایک شخص نے ووٹ لیے مگر وہ اسے امیدوار نہیں بنانا چاہتے، ڈیموکریٹ پارٹی جمہوری جماعت نہیں بلکہ جمہوریت کی دشمن ہے۔
مشی گن میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پراجیکٹ 2025 سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ نہ وہ اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ یہ ان کے خلاف پراپیگنڈہ ہے۔ میں نے تو جمہوریت کے لیے گولی کھائی ہے، جمہوریت کے لیے خطرہ کیسے ہوسکتا ہوں؟
مزید پڑھیں:غیرقانونی تارکین کے لیے خطرے کی گھنٹی، ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم اعلان کردیا
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، یہ ایک غلطی تھی۔ اگر مجھے بتایا جاتا تو میں 15 یا 20 منٹ انتظار کرلیتا۔ کوئی شخص چھت پر چڑھا کیسے؟ اس کے بارے میں پتا کیوں نہیں چلا؟
یاد رہے کہ 14 کو جولائی امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی جس سے وہ زخمی ہوگئے اور فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص بھی ہلاک ہوا جبکہ حملہ آور کو فوراً ہی مار دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ نے مخالف جے ڈی وینس کو اپنا نائب صدر کا امیدوار کیوں بنایا؟
امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا 20 سال کا مقامی نوجوان تھا جس کی شناخت تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی جو ریاست پینسلوینیا کا رہائشی تھا۔