آئندہ ہفتے کے دوران آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی

اتوار 21 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات کے مطابق 22 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔

21 جولائی کی شام سے27 جولائی کے دوران کشمیر میں وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

22 جولائی سے 25 جولائی کے دوران اسلام آباد راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

23 اور 24 جولائی کے روز بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ،کوٹ ادو، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا میں 22 جولائی کی شام سے 24 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، اورکزئی، وزیرستان، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی چلنے اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

بلوچستان میں 23 اور 24جولائی کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے تاہم بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، زیارت، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور جعفر آباد میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:موسمیاتی تبدیلی: گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کے پگھلاؤ سے سیلابی صورتحال، عوام بے یارومددگار

سندھ میں 23 اور 24 جولائی کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور انتہائی مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ جبکہ مٹھی، سانگھڑ، عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں 22 سے 27 جولائی کے دوران دیامیر، استور، اسکردو، گلگت، گھانچے اور شگر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد اور تربت میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر

23 اور 24 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

23 اور 24 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

مزید پڑھیں:موسم برسات کی آمد سے ڈینگی کا خطرہ، الرٹ جاری

شدید بارشوں، آندھی چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ مسافروں اور سیاح حضرات سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے موسم کے باری میں آگاہی حاصل کریں۔

تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران ’الرٹ‘ رہنے اور کسی نا خوش گوار واقعہ سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp