اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کو نئی گاڑیاں دینے سے انکار کردیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ معاشی حالات نئی گاڑیاں خریدنے کی گنجائش نہیں دیتے، اسمبلی سیکریٹریٹ پرانی گاڑیاں ہی ٹھیک کرا کے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو دے۔
یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کیا ہے؟ کیا استحقاق کمیٹی چیف جسٹس کو طلب کرسکتی ہے؟
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کو کہا کہ آپ کو دی گئی گاڑیاں2017ء اور 2019ء ماڈل کی ہیں جبکہ میرے زیراستعمال گاڑی بھی 2015ء ماڈل کی ہے، اتنے فنڈز نہیں ہیں کہ نئی گاڑیاں خریدی جائیں۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے بھی نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگا رکھی ہے، وزارت خزانہ نے بھی نئی گاڑیوں کے لیے فنڈز دینے سے انکار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایوان بالا کی 7 قائمہ کمیٹیوں کے سربراہوں کا انتخاب مکمل
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے حکم پر پرانی گاڑیاں ٹھیک کرا دی گئی ہیں، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی گاڑیاں پرانی ہونے کے باوجود قابل استعمال ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے متعدد چیئرمینوں نے دی گئی گاڑیاں پرانی اور ناکارہ ہونے کی شکایات کی تھیں، انہوں نے نئی گاڑیاں دینے کا مطالبہ کیا تھا۔