‏‏اسلام آباد ہائیکورٹ کا احمد جنجوعہ کو 12 بجے تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتا پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی اہلیہ کی درخواست پر وفاقی حکومت سے 12 بجے تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے احمد جنجوعہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی اہلیہ فرحانہ برلاس کی جانب سے اپنے شوہر کی بازیابی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے لوگ لاپتا ہوتے تھے اب اسلام آباد سے بھی ہو رہے ہیں، یہ حکومت کیا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کا سی ٹی ڈی پر بھائیوں کو اغوا کرنے کا الزام

احمد جنجوعہ کی اہلیہ فرحانہ برلاس کی جانب سے ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ 20 جولائی صبح 4 بجے کچھ یونیفارم اور کچھ نقاب پوش سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد احمد جنجوعہ کو زبردستی اٹھا کر لے گئے، ‏احمد جنجوعہ کے گھر کے دروازے پر دستک ہوئی تو انہوں نے پوچھا کہ کون ہے جس پر جواب ملا کہ پولیس، ‏یہ آڈیو موجود ہے۔

پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر درج ہو چکی ہے سب انسپکٹر نے ماتحت عدالت سے  اجازت لی ہے، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر بولے؛ ان کے پاس سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ہے، ایڈووکیٹ جنرل کو طلب کیا ہے، اٹارنی جنرل کو بھی بلائیں گے۔

مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر شہدا کے خلاف ہرز ہ سرائی، حکومتی وزرا اور پی ٹی آئی رہنما آمنے سامنے

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ لوگ لاپتا ہو جاتے ہیں لیکن ریاست کو کچھ علم نہیں ہوتا، پولیس وردیوں میں لوگوں کو اغوا کررہی ہے،کیا آئی جی پولیس اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، کیوں نہ شوکاز نوٹس جاری کریں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر  نے وفاقی حکومت سے 12 بجے تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ کہیے گا رپورٹ لے کر آئیں گے، بارہ بجے بندہ پیش کریں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا سے شدت پسندی کو پروان چڑھایا، لیگی رہنما سلمٰی بٹ

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی مبینہ جبری گمشدگی ایسے وقت ہوئی ہے کہ جب منگل کو برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز میں ’پاکستان کی جمہوریت بحران میں‘ اور عمران خان کی جاری نظر بندی پر بحث متوقع ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے خلاف بہت سے مجرمانہ مقدمات میں ضمانت ملنے یا بری ہونے کے باوجود جیل میں ہیں۔

ہاؤس آف لارڈز میں منگل کے پروگرام کی میزبانی لیبر ایم پی ناز شاہ اور ڈینیئل حنان کریں گے، جو کہ کنزرویٹو کے سابق ایم پی اور اب ہاؤس آف لارڈز کے رکن کنگسکلیئر کے لارڈ ہیں، احمد جنجوعہ تقریب کے انعقاد اور بین الاقوامی میڈیا میں کوریج کو فروغ دینے میں سرگرم عمل رہے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp