میٹا کی ملکیت مقبول ترین پیغام رساں ایپلی کیشن’واٹس ایپ‘ کے ازخود غائب ہونے والے پیغامات(disappearing messages) کے فیچر میں نئی تبدیلی کا امکان ہے۔
2020میں واٹس ایپ نے ازخود غائب ہوجانے والے پیغامات کا فیچر متعارف کروایا تھا۔
واٹس ایپ کے از خود غائب ہونے والے پیغامات کا فیچرمنتخب پیغامات کو ایک خاص مدت کے بعد خود بخود ہٹا دیتا ہے۔
WABetaInfoکی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ کے از خود غائب ہونے والے پیغامات کے فیچر میں جو نئی تبدیلی متوقع ہے، اس کے تحت صارفین کے پاس 15 نئے مختلف دورانیوں کو منتخب کرنے کا آپشن ہو گا۔
ان آپشنز میں1سال،180دن،60دن،30دن،21دن،14دن،6دن،5دن،4دن،3دن،2دن،
12گھنٹے،6گھنٹے،3گھنٹے اور ایک گھنٹہ شامل ہوں گے۔
تاہم رپورٹ میں یہ بات واضح نہیں کی گئی کہ شامل کیے جانے والے نئے دورانیے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں بھی دستیاب ہوں گے یا نہیں؟
واضح رہے کہ اس سے پہلے واٹس ایپ کے ازخود غائب ہونے والے پیغامات کے فیچر میں صرف 3دورانیے24گھنٹے،7دن اور 90دن شامل تھے۔
نئےدورانیے صارفین کی کس طرح مدد کریں گے؟
واٹس ایپ کے از خود غائب ہونے والے پیغامات کے فیچر میں جو نئے دورانیے شامل کیے گئے ہیں، ان کی مدد سے صارفین کو اپنے بھیجے گئے اور موصول ہونے والے پیغامات پر زیادہ کنٹرول حاصل ہوجائے گا۔
اس فیچر کے متعارف ہونے کے بعد واٹس ایپ پر بھیجی گئی خفیہ یا حساس معلومات پر مشتمل پیغامات کو جلد غائب کرنے کا آپشن صارفین کے پاس موجود ہو گا۔