پاکستان کا فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے قانونی نتائج پر عالمی عدالت کی مشاورتی رائے کا خیرمقدم

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے قانونی نتائج کے بارے میں عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ بین الاقوامی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی پالیسیوں اور طرز عمل سے پیدا شدہ قانونی نتائج کے حوالے سے تھی۔

یہ بھی پڑھیں عالمی عدالت انصاف نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو غیرقانونی قرار دے دیا

انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی غیر قانونی پالیسیاں و طرز عمل فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے احترام کی اسرائیل کی ذمہ داری کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے کہاکہ غیر قانونی آبادکاری کی کارروائیاں بند کرنا اور ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنا اسرائیل کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے جولائی 2023 میں کیس پر عالمی عدالت انصاف میں تحریری درخواست جمع کروائی تھی، بعد ازاں جواب بھی جمع کرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستان کا عالمی عدالت انصاف میں مؤقف

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے فروری 2024 میں عالمی عدالت انصاف کی طرف سے اس کیس پر ہونے والی زبانی عوامی سماعت میں بھی حصہ لیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف میں اپنی گزارشات میں پاکستان نے فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، اور اسرائیل کی غیر قانونی حیثیت کو اجاگر کیا۔

ترجمان نے مزید کہاکہ پاکستان عدالت کی مشاورتی رائے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ عدالتی فیصلہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے، فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول اور فلسطین کی ایک قابل عمل، محفوظ، متصل اور خودمختار ریاست کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں ’عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ فلسطینیوں کی دنیا بدل سکتا ہے‘

انہوں نے کہاکہ ہم 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp