خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال کا خطرہ جبکہ جنوبی سندھ کے علاقوں میں آندھی طوفان اور شدید بارشیں متوقع ہیں، اس ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی)کے مطابق بحیر ہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون بارشوں کا سلسلہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوا ہے جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے سلسلہ آغاز ہوگا جو 27 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
جنوبی سندھ کے علاقوں میں آندھی طوفان اور بارشوں کے علاوہ سندھ کے ساحلی علاقوں سمیت کراچی، حیدرآباد، عمر کوٹ، میر پور خاص، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، اسلام کوٹ اور مضافاتی علاقوں میں آج رات آندھی، طوفان اور بارش متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:موسلا دھار بارش سے ملک کے بیشتر نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا اندیشہ
جنوبی پنجاب میں روہی اور رحیم یار خان جبکہ بالائی اور وسطی پنجاب، پوٹھوہار ریجن، آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں آج رات آندھی، طوفان اور بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چاسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان بنو، لکی مروت اور ڈیر اسماعیل خان میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
متعلقہ ادارے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ اثرات کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، این ڈی ایم اے
بارش کے نتیجے میں مختلف شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے متعلقہ صوبائی اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں وہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مزید پڑھیں:’یار مرتضیٰ بھائی! 2 نمبری نہ کریں‘، میئر کراچی کو بارش کے بعد ویڈیو اپلوڈ کرنا مہنگا پڑگیا
ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
عوام سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں
این ڈی ایم اے نے عوام سے التماس کی ہے سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ مسافر اور سیاح حضرات لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔ آسمانی بجلی سے اپنی حفاظت یقینی بنانے کے لیے خراب موسم میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔
موسمی معلومات کی فراہمی: این ڈی ایم اے نے ایپلیکیشن متعارف کرادی
این ڈی ایم اے نے Pak NDMA Disaster Alert ایپلیکیشن متعارف کرادی ہے جو گوگل پلے اسٹور اورiOS ایپ اسٹور پر موجود ہے تاکہ عوام کوبر وقت الرٹس، ایڈوائزریز اور خطرے سے متعلق مخصوص گائیڈ لائنز، عوامی آگاہی کے پیغامات اور دیگر ضروری معلومات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔