بشریٰ بی بی کی خفیہ مقدمات میں ممکنہ گرفتاری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

منگل 23 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم نے بشریٰ بی بی کی اپنے خلاف درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹانے کے بعد ان کیخلاف مقدمات درج کیے جارہے ہیں، اور ان مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف اینٹی کرپشن، نیب اور ایف آئی اے میں انکوائری کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی جارہی، عدالت تمام اداروں کو مقدمات اور انکوائری کی تفصیلات فراہم کرنے اور کسی بھی خفیہ مقدمہ میں بشری بی بی کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے دائر درخواست پر بشریٰ بی بی کے دستاویزات پر انگوٹھے کے نشان نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہمی کے لیے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp