کے پی اسمبلی: عمران خان کو ڈیتھ سیل سے نکالنے اور مراد سعید کو تمغہ شجاعت دینے کی قراردادیں منظور

منگل 23 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو ڈیتھ سیل سے نکالنے اور مراد سعید پر قائم مقدمات ختم کرکے انہیں منظر عام پر لاکر تمغہ شجاعت سے نوازنے کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلیں۔

حکومتی رکن اسمبلی سہیل آفریدی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان پر جیل میں ذہنی و جسمانی تشدد بند کیا جائے، اور ان کی حیثیت کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا ملک میں فوری نئے انتخابات کا مطالبہ، عمران خان کی رہائی تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

دوسری جانب مراد سعید پر قائم بے جا مقدمات ختم کرنے کی قرارداد بھی سہیل آفریدی نے ایوان میں پیش کی۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کی ہر بات سچ ثابت ہوئی، مگر ان کی ملک سے بے لوث محبت کو غداری قرار دیا گیا ہے۔

قرارداد کے متن میں درج ہے کہ ملاکنڈ میں قیام امن کے بعد جنوبی اضلاع میں دہشتگردی کی لہر سے مراد سعید نے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کو فوراً منظر عام پر لایا جائے اور سیکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ان کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائے۔

یہ بھی پڑھیں میں نے کہا تھا اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو جی ایچ کیو کے سامنے پُر امن احتجاج کریں، عمران خان

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے دونوں قراردادیں ایوان میں پیش کیں جنہیں ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp