بھارتی اداکارہ تبو نے سنہ 2007 کی فلم اوم شانتی اوم میں ایک اسپیشل کردار ادا کیا تھا جس میں وہ شاہ رخ خان کے ساتھ گانے ’دیوانگی دیوانگی‘ میں نظر آئی تھیں۔ انہوں نے شاہ رخ خان کی سنہ 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں ہوں نا‘ میں بھی ایک مختصر رول کیا تھا لیکن دونوں نے کسی بھی فلم میں ایک ساتھ ہیرو ہیروئن کا کردار نہیں نبھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کامیاب کیریئر اور ناکام محبتیں، 53 سالہ تبو آج بھی تنہا
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں تبو سے پوچھا گیا کہ ان کی شاہ رخ کے ساتھ کوئی رومانوی فلم کیوں نہیں آئی ہے تو اس پرانہوں نے کہا کہ وہ کوئی پروڈیوسر، ڈائریکٹر یا اسکرپٹ رائٹر نہیں نہ وہ یہ کہہ سکیں کہ شاہ رخ خان کس کے ساتھ کام کریں اور وہ یہ بھی نہیں بتاسکتیں کہ انہیں مستقبل میں ان کے ساتھ کوئی فلم ملے گی یا نہیں لیکن ایسا ضرور ہوا ہے کہ انہوں نے شاہ رخ کے ساتھ کچھ فلمز کرنے سے انکار کیا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان دونوں کو ایک ساتھ کسی فلم کی پیشکش تو انہوں نے کہا کہ انہیں کچھ فلموں کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے منع کردیا اور ممکن ہے شاہ رخ بھی وہ فلمیں نہیں کرنا چاہتے ہوں گے۔ تاہم تبو نے اس بات پر کوئی روشنی نہیں ڈالی کہ شاہ رخ خان کے ساتھ کچھ فلموں کی پیشکش انہوں نے کیوں ٹھکرائی۔
تبو جلد ہی اجے دیوگن کے ساتھ فلم ’اوروں میں کہاں دم تھا‘ میں نظر آئیں گی۔
مزید پڑھیے: 2 کروڑ کی ریت، شاہ رخ خان نے اتنے پیسے مٹی پر کیوں خرچ کردیے؟
انہوں نے اوم شانتی اوم میں شاہ رخ اور فلمساز فرح خان کے ساتھ کام کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت شاہ رخ خان نے انہیں بہت مہنگے تحفے دیے تھے۔
یاد رہے کہ گانے ’دیوانگی دیوانگی‘ میں پرینکا چوپڑا، رانی مکھرجی، شبانہ اعظمی، ودیا بالن، سشمیتا سین، زید خان، جیتندرا، اور تشار کپور سمیت کئی دیگر مشہور شخصیات بھی شامل تھیں۔