پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا ہے کہ اگر واپڈا سے لوگوں کی شکایت ہوتی ہے تو اسی کے سامنے احتجاج کرتے ہیں۔ عمران خان کو رینجرز نے گرفتار کیا، ان کے گھر پر جو حملے ہورہے تھے ان میں دیگر ایجسنیز کے لوگ بھی شامل تھے۔اگر کوئی ادارہ اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہا تھا اسی کے سامنے احتجاج ہونا تھا لیکن ہماری تاریخ ہے کہ کبھی بھی پرتشدد احتجاج کی کال نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال میرے علم میں نہیں لیکن سلمان اکرم راجہ کی جو بات عمران خان سے ہوئی، اسی کو ہمیں ماننا پڑے گا۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے کبھی پرتشدد احتجاج کا نہیں کہا۔ ہمارا ریکارڈ ہے کہ ملک بھر میں سب سے زیادہ دھرنے اور جلسے کیے۔ ہم نے ہیمشہ پُر امن احتجاج کی کال دی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں فیملیز آتی ہیں۔ اگر کبھی ہم بد امنی یا انتشار کی بات کرتے تو کبھی فیملیز نہ آتیں۔ ماضی میں بھی ہم نے پُرامن احتجاج کی کال دی اور اس وقت بھی پُر امن احتجاج تھا۔