حالات ٹھیک ہونے والے ہیں، دسمبر تک حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی، اسد قیصر کا دعویٰ

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ حالات ٹھیک ہونے والے ہیں، ہمیں اکثریت مل جائے گی اور دسمبر تک ملک میں حکومت تحریک انصاف کی ہو گی۔ ہمیں کوئی پرواہ نہیں کہ حکومت کیا چاہتی ہے، ہم اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔

بدھ کو ایک ٹی وی انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف علامتی بھوک ہڑتال جاری رکھے گی، جمعہ کو پورے ملک میں احتجاج کریں گے، ہم دہشتگرد نہیں ہیں، پرامن احتجاج کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس نہیں لارہے، اسد قیصر

ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ بھوک ہڑتال سے پرامن احتجاج کی ابتدا کی ہے، عوام اور کاروباری طبقات حکومت سے تنگ ہیں، اس لیے عوام حکومت کے خلاف باہر نکلیں گے، موجودہ صورت حال انارکی کی طرف جانے کا خدشہ ہے، لیکن ہم پرامن احتجاج کے ذریعے ہی آگے بڑھیں گے کیوں کہ جمہوری معاشرے پرامن احتجاج سے ہی آگے بڑھتے ہیں۔

احتجاج میں رکاوٹ ڈالی گئی تو ذمہ دار حکومت ہو گی

اسد قیصر نے کہا کہ اگر حکومت کوئی سازش کرتی ہے یا پرامن احتجاج میں رکاوٹ ڈالتی ہے تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہی عائد ہو گی، ہم اپنا بیانیہ لوگوں تک پہنچا رہے ہیں، باقی جو حکومت کرنا چاہتی ہے، بسم اللہ کرتی رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا نقطہ نظر لوگوں تک پہنچ رہا ہے اور اس میں ہمیں کامیابی مل رہی ہے، ابھی بھوک ہڑتالی کیمپ ٹیسٹ فائر ہے، جب بانی پی ٹی آئی بھوک ہڑتال کریں گے تو ہم بھی اس میں مزید شدت لائیں گے۔

مزید پڑھیں:حکومت پاگل ہوچکی، پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، اسد قیصر

عمران خان کے جی ایچ کیو کے باہر پرامن احتجاج کی کال سے متعلق اعتراف پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف نے اسٹیبلشمنٹ سے معافی سے متعلق جو باتیں کی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے وہ ذہنی طور پر کمزور ہو گئے ہیں۔

حکومت پی ٹی آئی اور فوج میں فاصلے بڑھانا چاہتی ہے

انہوں نے کہا کہ حکومت افواج پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان فاصلے بڑھانا چاہتی ہے، عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ فوج بھی میری ہے اور ملک بھی میرا ہے۔ ہمارا مؤقف یہ بھی واضح ہے کہ تمام ادارے اپنے دائرے اختیار میں رہ کر کام کریں۔ آئین ہی اصل فریم ورک ہے، اس سے باہر نکل کر کام کرنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ بھی یہی ہے کہ فوج، عدلیہ اور پارلیمنٹ اپنے اپنے آئینی اور قانونی دائرے کے اندر رہتے ہوئے کام کریں اسی طرح سے ہی ہم اس ملک کو آگے لے کر چل سکتے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں احتجاج ہو رہا ہے، بلوچستان میں بھی عوام پریشان ہیں، سندھ میں ڈاکو راج قائم ہے، جب تک عدلیہ آزاد نہیں ہو گی، ادارے اپنے دائر اختیار میں رہ کر کام نہیں کریں گے تو یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:اسد قیصر کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، اسمبلی تحلیل کرنے کے بیان کا معاملہ اٹھا دیا

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماحول کو ٹھنڈا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے،  لیکن خواجہ آصف کی باتوں سے پتا چلتا ہے کہ وہ کتنے مایوس ہیں، ان کے اندر نفرت بھری ہوئی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس ملک کو جس طرح چلایا جا رہا ہے وہ اس ملک کے خلاف سازش ہے۔

نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری، بلاول کے درمیان تعلقات اچھے نہیں

اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ اس وقت میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان تعلقات اچھے نہیں ہیں، ادھر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان حالات اچھے نہ ہونے کی اطلاعات ہیں، ایسے میں اس وقت ملک میں نئے الیکشن کی ضرورت ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اسد قیصر نے تصدیق کی کہ اگلے ہفتے پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کی کمیٹیوں کے درمیان ملاقات ہو جائے گی اور دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان معاملات آگے بڑھنے کی امید ہے۔

اسدقیصر نے دعویٰ کیا کہ دسمبر تک پی ٹی آئی سے متعلق حالات ٹھیک ہو جائیں گے، ہمیں اکثریت مل جائے گی اور حکومت تحریک انصاف کی ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp