وفاقی وزرا نے ’حرمت پرچم‘ مہم کا آغاز کردیا

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے پر مشتعل افغان مظاہرین کے حملے اور قومی پرچم اتارنے کے واقعے کے خلاف وفاقی کابینہ کے ارکان نے حرمت پرچم مہم کا آغاز کردیا ہے۔

وفاقی وزرا نے سوشل میڈیا پر قومی پرچم سے والہانہ محبت کے پیغامات تحریر کیے ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر سردار اویس لغاری، عبدالعلیم خان، رانا تنویر اور عطا اللہ تارڑ نے قومی پرچم کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی، دیگر وفاقی وزرا نے بھی اس طرح کی تصویریں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ’چاند روشن چمکتا ستارہ رہے۔ سب سے اونچا یہ جھنڈا ہمارا رہے‘ کے عنوان سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سیاسی کارکن صحافی، دانشور، اساتذہ، وکلا، ڈاکٹر،کسان، مزدور اور کاروباری حضرات بھی حرمت پرچم مہم کا حصہ بنیں۔

وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق ملک، علی پرویز ملک اور جام کمال خان نے بھی قومی پرچم اور ‘پاکستان زندہ باد’ کے پیغام کے ساتھ تصاویر شیئر کی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل کے باہر افغان باشندوں نے ہنگامہ آرائی اور پتھراؤ کیا تھا، افغان باشندوں نے اس دوران پاکستانی پرچم بھی اتار دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp