’لیڈر ڈیتھ سیل میں اور پارٹی عیاشیاں کر رہی ہے‘ صارفین کی پی ٹی آئی رہنماؤں کی دعوت پر تنقید

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف جو ہمیشہ مختلف حوالوں سے خبروں میں رہتی ہے، آج کل تنقید کی زد میں ہے کیونکہ گرفتاریوں، چھاپوں اور قیادت و کارکنوں کے خلاف مقدمات پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے گزشتہ روز احتجاجاً علامتی بھوک ہڑتال بھی کی جس پر صارفین بھڑک اٹھے اور علامتی بھوک ہڑتال کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس وقت پی ٹی آئی نے بھوک ہڑتال کی ہے وہ ویسے بھی کھانے کا وقت نہیں ہوتا اور چند گھنٹوں کی کون سی بھوک ہڑتال ہوتی ہے۔

ایسے وقت میں جب بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان قید میں ہیں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھوک ہڑتال کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے تو دوسری طرف صنم جاوید کی پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں دعوت اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی جا رہی ہے کہ عمران خان اپنے دور حکومت میں کھابوں کے خلاف تھے جبکہ کارکنان وہی کام کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کمال ہے لیڈر جیل میں ہے اور پارٹی شاندار عیاشیاں کر رہی ہے۔

صحافی ہرمیت سنگھ نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ یہ کھابے اس پارٹی کے چل رہے ہیں جن کا لیڈر اڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں قید ہے۔

رضی طاہر نے لکھا کہ لیڈر جیل میں ہے اور پارٹی کے کھابوں میں طرح طرح کی ڈشز چل رہی ہیں، مختلف اسٹائل سے ٹک ٹاک بن رہی ہیں، انہوں نے پی ٹی آئی کی علامتی بھوک ہڑتال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ 5 گھنٹے کی ٹوکن بھوک ہڑتال کے بعد اتنا کھانا تو بنتا ہے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ یہ لوگ صرف اپنے مفادات کے لیے عمران خان کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ نہ ان کو عمران خان کی فکر ہے اور نہ ہی جیل میں قید دیگر بے گناہ قیدیوں کی۔ صارف نے تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اگر یہ عمران خان کا نام استعمال نہ کریں تو کوئی ان کو گھاس بھی نہیں ڈالے گا۔

صارفین نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے کھانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اتنی عزت کے حقدار ہی نہیں جتنی ہم انہیں دیتے ہیں، انہوں نے کارکنوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہیں موقع دیکھ کر چلنا نہیں آتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp