قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمرایوب نے کہا ہے کہ شہبازشریف حکومت کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں، عمران خان نے قوم کو نئے انتخابات کی تیاری کا پیغام دیا ہے۔
جمعرات کوراولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد وہاں موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمرایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مخصوص نشستوں سے متعلق سفارشات جو کنول شوزب نے پیش کی تھیں، پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اجازت کے بعد این او سی منسوخ: تحریک انصاف جلسہ ضرور کرے گی، عمر ایوب
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے اور پی ٹی آئی کو ملنے والی مخصوص نشستوں کے بعد شہباز شریف حکومت کے چھکے چھوٹ گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے جیل سے قوم کے لیے پیغام دیا ہے کہ وہ ملک میں نئے انتخابات کی تیاری کریں، اب ایک ہی راستہ ہے کہ ملک میں نئے انتخابات ہوں گے تو ملک ترقی کر سکے گا۔ پاکستان کے 90 فیصد عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان اب چاروں صوبوں کے زنجیر بن چکے ہیں، شہباز شریف حکومت ڈوب گئی ہے، خود کو ڈوبتا دیکھ کر انہوں نے عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے سامنے پاک فوج کو لا کھڑا کردیا ہے۔
مزید پڑھیں:اپوزیشن لیڈر ہوں، عمران خان سے ملاقات نہ کرانے والوں کو لائن حاضر کریں گے: عمر ایوب
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی بھوک ہڑتال کا مقصد پارٹی کے تمام اسیران کو جیلوں سے رہا کروانا ہے، عمران خان نے بھی کارکنوں کے اس جذبے کو سراہا ہے، عمران خان نے یہ بھی پیغام دیا ہے کہ ’تحریک تحفظ آئین‘ کی کال پر احتجاج پرامن ہونا چاہیے، ہمارا احتجاج ہمیشہ پرامن رہا ہے اور ہم اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے جس پیرائے میں پریس کانفرنس کی ہے وہ اس طرز پر نہیں ہونی چاہیے تھی تاہم انہوں نے اپنا فرض ادا کیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پریس کانفرنس ایک طرح سے حکومت کے خلاف چارج شیٹ تھی، اس طرح پاک فوج اور عوام کو کبھی بھی آمنے سامنے نہیں آنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:عمر ایوب کا استعفیٰ نامنظور، عمران خان کا خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما کنول شوزب نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ہدف بنانا شرمناک عمل ہے۔