الیکشن کمیشن نے 41 آزاد ارکان کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 41 آزاد ارکان کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے رجسٹرار سپریم کورٹ کو فیصلے پر وضاحت کی درخواست جمع کرا دی ہے۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار آفس میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 41 آزاد اراکین اسمبلی نے پارٹی وابستگی کی دستاویز جمع کرا دی ہیں جب کہ دستاویزات جمع کرانے والے ارکان نے لکھا ہے کہ ان کی پارٹی وابستگی کو پاکستان تحریک انصاف کنفرم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 39 اراکین اسمبلی کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری کر دیا

درخواست میں سوال کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں تحریک انصاف کا کوئی پارٹی اسٹرکچر نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف کے بنیادی ڈھانچہ کی عدم موجودگی میں آزاد ارکان کی پارٹی وابستگی کون کنفرم کرے گا؟ جب کہ بیرسٹر گوہر علی خان بھی الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں پارٹی کے چیئرمین نہیں ہیں۔

اس سے قبل جمعرات کو ہی الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پرعملدرآمد کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے 39 اراکین اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر جاری کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ

گزشتہ جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پرعملدرآمد کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا اور الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم کو ہدایات جاری کی گئیں تھیں کہ اگرسپریم کورٹ کے فیصلے کے کسی پوائنٹ پرعملدرآمد میں رکاوٹ ہے تووہ فوراً اس کی نشاندہی کریں تاکہ مزید رہنمائی کے لیے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرنے کی بات کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp