بلوں سے زیادہ ٹیکس، واپڈا بے ایمانی کر رہا ہے، اداکار عثمان پیرزادہ پھٹ پڑے

جمعہ 26 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بجلی کے بلوں میں اضافہ اور ٹیکسوں کی بھرمار عوام کے لیے وبال جان بن چکی ہے۔ حال ہی میں کئی پاکستانی مشہور شخصیات نے بھی بجلی کے ناقابل برداشت بلوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

عثمان پیرزادہ، شگفتہ اعجاز، نوراں لال، حمیرا چنہ اور دیگر اداکاروں نے اپنے بجلی کے بل شیئر کرتے ہوئے  غیر منصفانہ بلنگ کی مذمت کی تھی۔ حال ہی میں اداکارعثمان پیرزادہ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے واپڈا کی جانب سے غیر منصفانہ بلنگ پر نا امیدی کا اظہار کیا ہے۔

عثمان پیرزادہ نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں سینیئر اداکار راشد محمود کا انٹرویو دیکھا اور وہ انٹرویو سن کر انہیں بالکل اچھا نہیں لگا، ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ایک جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ واپڈا بلنگ کے معاملے میں بالکل منصفانہ نہیں ہے، وہ اپنے کام کے ساتھ بے ایمانی کر رہا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ واپڈا غریب لوگوں سے بل کی صورت میں بہت زیادہ پیسے لے رہا ہے ایسے میں غریبوں کا زندہ رہنا مشکل ہو گیا ہے۔ لوگ سولر لگوا رہے ہیں لیکن اب اس پر بھی ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ لوگ کیسے زندہ رہیں گے کیونکہ وہ بلوں سے زیادہ ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور لوگوں کی تنخواہیں وہی ہیں، حکومت کوئی پلاننگ نہیں کر رہی ہم لوگوں کو صرف دلاسہ دے سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیاں اتنی خوفناک ہیں کہ اب ہم گرم موسم کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہ ہر وقت اے سی آن نہیں کرتے لیکن جب درجہ حرارت بہت زیادہ گرم ہو جاتا ہے تو انہیں بھی اے سی آن کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سیئنر اداکار راشد محمود نے 35 ہزار سے زائد بجلی کا بل موصول ہونے پر حکومت پر برس پڑے تھے، انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی نہ کسی طرح بل جمع کروا دیا ہے لیکن دیگر پاکستانیوں کی آمدن اتنی نہیں ہے کہ وہ اتنے بھاری بل جمع کروا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پوشیدہ ٹیکس غریب عوام کے لیے ادا کرنا بہت مشکل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 701 یونٹ استعمال کرنے پر 35 ہزار سے زائد بجلی کا بل موصول ہوا ہے جبکہ کمائی کچھ نہیں ہے، کام نہیں ہورہا، دیگر شعبہ جات کی فلاح کے لیے اعلانات کئے جا رہے ہیں فنکاروں کی فلاح کے لیے کون کام کرے گا؟ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کے اربابِ اختیار پر مختلف الزمات ہیں، جو لوگ اس ملک سے پیسے باہر لے کر گئے ہیں ان سے ایک روپیہ بھی واپس لے کر نہیں آسکے اور ادھر عوام کا جینا حرام کیا ہوا ہے، آپ ہمیں کچھ دے نہیں سکتے لیکن ہمارا جینا بھی ہم سے چھین رہے ہیں۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 63 پیسے اضافے کی درخواست بھی دائر کر دی ہے۔ سی پی پی اے نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جون 2024 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کی درخواست پیش کی ہے جس پر 31 جولائی کو سماعت ہوگی۔ اگر نیپرا نے یہ درخواست منظور کر لی تو بجلی کے بلوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp