سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث انتہائی مطلوب دہشتگرد رزاق کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 26 جولائی 2024 کو ضلع شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث خاورجی دہشتگرد رزاق کو واصل جہنم کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رزاق خاورجی دہشتگرد گل بہادر کا قریبی ساتھی تھا اور علاقے میں متعدد دہشتگردی کی سرگرمیوں میں فعال طور پر ملوث تھا، وہ 6 جنوری 2023 کو آئی پی پی آئی کے فقیر کے پوتے ملک شیر محمد کی ٹارگٹ کلنگ اور 16 مارچ 2024 کو شمالی وزیرستان میں خودکش بم حملے ، جس میں 7 بہادر فوجی جوان شہید ہوئے، کی سہولت کاری میں بھی ملوث تھا۔
مزید پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان، دہشتگردوں کا رورل ہیلتھ سینٹر پر حملہ، 5 شہری شہید، فوری جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں چھپے دوسرے دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔